راولپنڈی۔18اپریل (اے پی پی):جڑواں شہروں کی مسیحی برادری نے گڈ فرائیڈے اور ایسٹر جیسے اہم مذہبی تہواروں پر عام تعطیلات کے اعلان پر وفاقی حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔
مسیحی روحانی پیشوا اور راولپنڈی ، اسلام آباد کے آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی بابو ساجد امین کھوکھر نے کہا کہ مسیحی برادری کا یہ دیرینہ مطالبہ تھا کہ گڈ فرائیڈے اور ایسٹر پر سرکاری تعطیلات دی جائیں۔
اس مطالبے پر غور کرتے ہوئے پنجاب حکومت نے صوبہ بھر میں ان مذہبی ایام پر مسیحی برادری کے لیے عام تعطیلات کا نوٹیفکیشن جاری کیا جسے برادری نے خوش آئند قرار دیا ہے۔
بابو ساجد نے مزید کہا کہ ہم حکومت کے اس فیصلے کو سراہتے ہیں تاہم ہمارا یہ بھی مطالبہ ہے کہ اس نوٹیفکیشن پر من و عن عملدرآمد کروایا جائے تا کہ تمام مسیحی ملازمین کو ان کے مذہبی ایام پر چھٹی کا موقع مل سکے۔
انہوں نے بتایا کہ مسیحی برادری نے جمعہ کے روز ملک بھر میں گڈ فرائیڈے منایا جبکہ پیر 21 اپریل کو ایسٹر کا تہوار منایا جائے گا جو مسیحیوں کے لیے ایک نہایت مقدس اور خوشی کا دن ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=584253