25.5 C
Islamabad
ہفتہ, اپریل 26, 2025
ہومعلاقائی خبریںجی سی ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں عصرِ حاضر میں اُمتِ مسلمہ کے...

جی سی ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں عصرِ حاضر میں اُمتِ مسلمہ کے مسائل اور فکرِ اقبال پر فکری سیمینار

- Advertisement -

سیالکوٹ۔23اپریل (اے پی پی):گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں شاعر مشرق حکیم الامت علامہ محمد اقبال کے یوم وفات پر اقبال چئیر، ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹس افیئرز،اوورِک اور شعبہ اردو کے باہمی اشتراک سے فکری و ادبی سیمینار کا انعقاد کیا گیاجس کا موضوع ’’عصرِ حاضر میں اُمتِ مسلمہ کے مسائل اور فکرِ اقبال ‘‘تھا۔بدھ کو منعقدہ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک ، نعت رسول مقبول ؐ اور کلام اقبال سے ہوا جس کے بعد طالبات کے مابین بیت بازی کا مقابلہ منعقد ہوا۔

مقابلے میں شریک طالبات نے علامہ اقبال کے اشعار کے ذریعے ان کے افکار کو اجاگر کیا۔ نمایاں کارکردگی دکھانے والی ٹیم کو نقد انعامات جبکہ دیگر طالبات کو تعریفی اسناد دی گئیں۔سیمینار میں مہمانِ خصوصی پروفیسر رانا اعجاز حسین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فکرِ اقبال آج بھی امت مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ ہمیں اتحاد، خودی، علم اور کردار کو اپناتے ہوئے درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہوگا۔صدرِ مجلس، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر نے طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فکرِ اقبال ایک مکمل ضابطۂ حیات ہے جو نوجوانوں کو خواب دیکھنے، مقصد پہچاننے اور قوم کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرنے کا حوصلہ دیتا ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی اقبال کی فکری رہنمائی کو فروغ دینے کے لیے اقبال سینٹرآف ایکسیلینس اور سیرت سینٹر آف ایکسلینس کے قیام کے لئے اکیڈمک کونسل سے منظوری ہو چکی ہے تاکہ طالبات نبی کریم ﷺاور علامہ اقبال پر تحقیق کر کے تعلیمی مستقبل کو بہتر بناسکیں ۔صدر شعبہ اردو ڈاکٹر افضال بٹ نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرشازیہ بشیر،مہمان خصوصی رانا اعجاز احمد کا شکریہ ادا کیا اور چئیرپرسن اقبال چئیر ڈاکٹر رفعت چوہدری اور تمام منتظمین اساتذہ اور طالبات کی محنت کو سراہا۔

پروگرام کے اختتام پر کامیاب طلبہ میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے اور مہمانانِ گرامی کو اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں۔ سیمینار کے اختتام پر مہمان خصوصی رانا اعجاز، ایلومینا ئی ایگزیکٹو باڈی پروفیسر عذرہ سبطین ، ڈاکٹر فرح دیبا اور سیرت سٹڈی سنٹر سے اسد اعجاز نے اقبال سنٹر آف ایکسیلینس کے لئے عطیات بھی دئے تا کہ طالبا ت علامہ اقبال پر تحقیق کر کے ان کا پیغام دنیا تک پہنچا سکیں ۔ سیمینار طالبات کی فکری تربیت، علمی بصیرت اور قومی شعور کے فروغ کے لیے ایک اہم قدم ثابت ہوا۔ سیمینار تمام تعلیمی و انتظامی شعبو ں کے سربراہان اور طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=586564

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں