مکہ مکرمہ ۔1جون (اے پی پی):سعودی وزارت صحت نے کہاہے کہ حج سیزن کو امراض سے پاک بنانے کے لیے وزارت صحت کے اقدامات مکمل کر لئے گئے ہیں سعودی نشریاتی ادارے کے مطابق سعودی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا ہے کہ رواں حج سیزن کے دوران عازمین حج کو صحت خدمات کی فراہمی کے لیے 14 ایئرپورٹس، بندرگاہوں اور بری سرحدی چیک پوسٹوں پر ہیلتھ سینٹرز قائم کر دیئے گئے ہیں ۔
امراض کے سدباب کے لیے ایئرپورٹس، بندرگاہوں اور بری سرحدی چوکیوں پراحتیاطی اقدامات کیے جارہے ہیں، صحت انتظامات حج سیزن کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے حوالے سے پہلی دفاعی لائن ہے۔وزارت نے کہا کہ کوشش ہے حج سیزن کے دوران متعدی اور وبائی امراض کو پھیلنے سے روکا جائے۔
ایک طرف امراض سے بچاؤ کی حکمت عملی تیار کی ہے تو دوسری جانب بیماریوں میں مبتلا افراد کو علاج کی سہولتوں فراہم کی جارہی ہیں۔ وزارت نے کہا کہ عازمین حج کے سامان کے حوالے سے بھی کچھ پابندیاں لگائی گئی ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کی رپورٹوں کے تناظر میں صحت پالیسی پر نظرثانی کی جاتی رہتی ہے۔