اسلام آباد۔1جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیرمذہبی امور سینیٹر محمد طلحہ محمود نے کہا ہے کہ حج مشن کی ٹیم نے بہت قلیل وقت میں بہتر انتظامات کئے، پاکستان حج مشن بعد از حج بھی حجاج کرام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کو بہتر سے بہتر کرے ، مکہ اور مدینہ منورہ میں حجاج کرام کی ہر طرح سے خدمت کی جائے، حج مشن اگلے حج کے لیے ابھی سے تیاریاں شروع کر دے تاکہ اگلے سال عازمین کو بہتر رہائش ،خوراک اور ٹرانسپورٹ کی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔
وزارت مذہبی امور کی طرف سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہاروفاقی وزیرمذہبی امور سینیٹر محمد طلحہ محمود نے اپنی زیر صدارت حج انتظامات پر اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کے دوران وزارت مذہبی امور کی جانب سے ڈائریکٹر معاونین سجاد حیدر یلدرم نے حج انتظامات پر شرکا کو بریفننگ دی۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری وزارت مذہبی امور سید عطا رحمان ، ڈائریکٹر جنرل حج جدہ عبدالوہاب سومرو بھی شریک تھے ۔
وفاقی وزیر کو عرفات، مزدلفہ اور منٰی میں سعودی مکاتب کی جانب سے کئے گئے انتظامات کے بارے میں بتایا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور سینٹر طلحہ محمود نے کہا کہ حج مشن اگلے حج کے لیے ابھی سے تیاریاں شروع کر دے تاکہ اگلے سال عازمین کو بہتر رہائش ،خوراک اور ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ وزارت مذہبی امور اور حج مشن کی ٹیم نے بہت قلیل وقت میں بہتر انتظامات کئے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے ذاتی پورٹل کے ذریعے حجاج کرام کی شکایات سنیں اور ان کا فوری طور پر ازالہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان حج مشن حج کے بعد بھی حجاج کرام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کو بہتر سے بہتر کرے ۔ مکہ اور مدینہ منورہ میں حجاج کرام کی ہر طرح سے خدمت کی جائے۔