اسلام آباد۔15ستمبر (اے پی پی): حسابات جاریہ کے کھاتوں کے خسارے میں جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ میں سالانہ بنیادوں پر54فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔سٹیٹ بینک آف پاکستان(ایس بی پی) کی جانب سے جاری اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کا خسارہ 935ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 54فیصد کم ہے۔
گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کے خسارے کا حجم 2.035ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔اگست میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کا خسارہ 160ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال اگست کے مقابلے میں 79فیصد کم ہے۔گزشتہ سال اگست میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کا خسارہ 774ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ جولائی کے مقابلے میں اگست میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کے خسارے میں ماہانہ بنیادوں پر79فیصد کی کمی ہوئی ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کے پہلے دو ماہ میں پرائمری بیلنس 939ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 44فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں پرائمری بیلنس 650ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔اگست میں پرائمری بیلنس 373ملین ڈالر رہا جو گزشتہ سال اگست کے مقابلے میں 98فیصد زیادہ ہے۔
گزشتہ سال اگست میں پرائمری بیلنس 188ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔جولائی کے مقابلے میں اگست میں پرائمری بیلنس میں ماہانہ بنیادوں پر34فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ۔ جولائی میں پرائمری بیلنس 566ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیاجو اگست میں کم ہوکر373ملین ڈالر ہوگیا۔