پشاور۔ 05 مارچ (اے پی پی):ورسک روڈ تھانہ مچنی گیٹ کی حدود عزیز ٹاؤن میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شہید ہونے والے حساس ادارے کے انسپکٹر شاہد انور کی نماز جنازہ ملک سعد شہید پولیس لائن میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔
نماز جنازہ میں سی سی پی او پشاور قاسم علی خان، جائنٹ ڈائریکٹر جنرل انٹیلی جنس بیورو خیبر پختونخوا ارشد علی خان ترین، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی محمد حسن رضا خان، ایس ایس پی آپریشنز مسعود احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ارشد جان، ایس پی ہیڈ کوارٹرز حمید اللہ، ڈیویژنل ایس پیز، سی ٹی ڈی حکام سمیت شہید کے لواحقین اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی، جبکہ سی سی پی او پشاور، جائنٹ ڈائریکٹر جنرل انٹیلی جنس بیورو، اور ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے شہید کے تابوت پر پھول چڑھائے اور ان کی مغفرت و بلند درجات کے لیے دعا کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=569158