قصور۔ 21 اگست (اے پی پی):حضرت بابا بلھے شاہ ؒ کا سالانہ تین روزہ عرس مبارک 30، 31 اگست اور یکم ستمبر کو منایا جائے گا ۔ اس بات کا فیصلہ دربارحضرت بابا بلھے شاہ ؒکی امور مذہبیہ کمیٹی نے کیا ہے ۔اس سلسلے میں چئیرمین اُمور مذہبیہ کمیٹی ، حاجی صفدر علی انصاری اور حاجی عبدالطیف قادری کی زیر صدارت اجلاس منعقد کیا گیا ۔
اجلاس میں تمام کمیٹی عہدیداران و ممبران کی مشاورت، ضلعی انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں کی رپورٹس، محرم الحرام چہلم اور عرس مبارک حضرت داتا گنج بخش ؒ اور دیگر درپیش وجوہات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ رواں سال عرس حضرت بابا بلھے شاہ ؒ کا سالانہ تین روزہ عر س 30، 31 اگست اور یکم ستمبر 2024 کو بڑے اہتمام و عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائےگا۔اس سلسلے میں انتظام و انصرام اور ذمے داریاں متعلقہ محکمہ جات اور کمیٹی ممبران کو تفویض کر دی گئی ہیں ۔