اسلام آباد۔8فروری (اے پی پی):قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا ہے کہ اعتماد، عاجزی اور اس یقین کے ساتھ آگے بڑھیں کہ آپ واقعی ایک مثبت تبدیلی لا سکتے ہیں،مشکلات کے باوجود آپ نے ثابت قدمی اور استقامت سے کام کرنا ہے،حقیقی کامیابی صرف ذاتی کامیابی میں نہیں بلکہ اس فرق میں مضمر ہے جو آپ دوسروں کی زندگی میں پیدا کرتے ہیں۔ قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے الحمداسلامک یونیورسٹی کے کانوکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ میرے لیے اعزاز اور فخر کی بات ہے کہ میں آج الحمد اسلامک یونیورسٹی، اسلام آباد کی تقریب تقسیم اسناد کے اس اہم موقع پر آپ کے ساتھ شریک ہوں۔
انہوں نے کہا کہ آج کا دن مسرت اور خوشی کا دن ہے، آپ کی محنت اور ان تھک کاوش رنگ لائی ہے۔ آج آپ اپنی زندگی کے ایک نئے باب میں قدم رکھ رہے ہیں۔ قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اسلامک یونیورسٹی ، علم اور روشنی کی علامت ہے،یہ ادارہ ہمیشہ علمی برتری اور اخلاقی دیانت کو فروغ دینے کے لیے کوشاں رہا ہے،اسلامک یونیورسٹی تعلیم یافتہ اور محنتی فیکلٹی ممبرز اور مستعد انتظامیہ کے ذریعے ایسا ماحول فراہم کرتی ہے، جو جدت علمی ترقی اور سچائی کی تلاش کو فروغ دیتا ہے۔
سیدال خان نے مزید کہا کہ فارغ التحصیل گریجوایٹس کو صرف ایک ڈگری نہیں مل رہی بلکہ آپ کو مستقبل کی چابی سونپی جا رہی ہیں، آپ کو چیلنجز کا سامنا کرنے ، مسائل حل کرنے اور جرات و دیانت کے ساتھ قیادت کرنے کے لئے تیار کر چکے ہیں۔ قائمقام چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ مشکلات کے باوجود، آپ نے ثابت قدمی اور استقامت سے کام کرنا ہے ،میں ان تمام افراد کا شکریہ ادا کر تاہوں جنہوں نے آپ کی اس راہ میں مدد کی۔
سیدال خان نے کہا کہ یاد رکھیں ! کامیابی محض کسی منزل تک پہنچنے کا نام نہیں بلکہ اس سفر ، ان اقدار اور ان اثرات کا نام ہے جو آپ دنیا پر چھوڑتے ہیں۔ قائمقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اپنی تعلیم اور ان اقدار کی طاقت کو کبھی کم نہ سمجھیں جو آپ کو یہاں سکھائی گئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی کامیابی صرف ذاتی کامیابی میں نہیں، بلکہ اس فرق میں مضمر ہے جو آپ دوسروں کی زندگی میں پیدا کرتے ہیں،دنیا آپ کی ذہانت، توانائی اور وژن کی منتظر ہے۔ قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اعتماد، عاجزی اور اس یقین کے ساتھ آگے بڑھیں کہ آپ واقعی ایک مثبت تبدیلی لا سکتے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=557423