جنیوا ۔ 30 ستمبر (اے پی پی) اقوام متحدہ نے شامی شہر حلب میں باغیوں کے زیر قبضہ علاقوں کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ سینکڑوں زخمی افراد کو علاج کے لیے وہاں سے فوری طور پر دوسرے مقامات پر منتقل کرنے کی ضرورت ہے۔جرمن ذرائع ابلاغ کے مطابق عالمی تنظیم نے کہا ہے کہ حلب میں خوراک کی قلت کی صورتحال بھی بدستور تشویش ناک ہے۔ وہاں امداد کے طور پر پہنچائی جانے والی اشیائے خوراک شہر کی صرف ایک چوتھائی آبادی کی ضروریات ہی پوری کر سکیں گی۔ شام کے لیے اقوام متحدہ کے نائب مندوب رمزے عزالدین رمزے نے جنیوا میں صحافیوں کو بتایا کہ حلب میں ادویات اور طبی ساز و سامان کی بھی شدید کمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کم از کم چھ سو زخمیوں کا وہاں سے فوری طور پر منتقل کرنا لازمی ہوہے۔