اسلام آباد۔17مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداورنگزیب نے کہاہے کہ حوالہ و ہنڈی کے خلاف اقدامات سے ترسیلات زرمیں نمایاں اضافہ ہواہے۔ پیرکوقومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران سید رفیع اللہ کے سوال پر وفاقی وزیر خزانہ و محصولات نے ایوان کوبتایا کہ مالی سال 2023 کی آخری سہ ماہی میں ہنڈی، حوالہ اورایکسچینج کمپنیوں کے حوالہ سے کئی اقدامات کئے گئے تھے۔
دونمبرکام کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون ہوا اورانتظامی اقدامات کئے گئے۔ سٹیٹ بینک نے ایکسچینج کمپنیوں کاکیپٹل بڑھایا تاکہ مستندایکسچینج کمپنیاں بزنس میں رہیں، 10بینکوں کوایکسچینج کاونٹرز کھولنے کی ہدایت کی گئی،ان اقدامات کی وجہ سے ہنڈی اورحوالہ سے آنے والی رقوم اب باضابطہ چینلز سے آرہی ہیں،ترسیلات زرمیں نمایاں اضافہ سے بھی اس کی عکاسی ہورہی ہے، مالی سال 2024میں ترسیلات زرکاحجم 30.2ارب ڈالرتھا ، جاری مالی سال کے اختتام پرترسیلات زرکاحجم 35سے لیکر36ارب ڈالرتک بڑھنے کاامکان ہے۔
ترسیلات زرمیں اتنابڑااضافہ اسلئے ممکن ہواکیونکہ عبوری حکومت اورموجودہ حکومت نے ایسے اقدامات کئے ہیں کہ غیرقانونی طریقے سے رقوم کی ترسیل کوناممکن بنا دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں حکومت نے سمندرپارپاکستانیوں کیلئے سہولیات بھی فراہم کی ہیں۔انہوں نے کہاکہ تمام ضروری اقدامات لئے جاچکے ہیں اورانشاء اللہ 35 سے لیکر36فیصدتک اضافہ ہوگا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=573507