حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے کورونا پر قابو پایا گیا ، 430 ارب روپے نئی سرمایہ کاری اور 240 ارب روپے کے سستے قرضے دیئے گئے ، گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر کا لیڈرز ان بزنس سمٹ سے خطاب

138

اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر نے کہا ہے کہ حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے کورونا پر قابو پایا گیا ، دنیا کے مقابلے میں پاکستان میں کورونا کیسز کی رفتار کم ہے ، 430 ارب روپے نئی سرمایہ کاری کے لئے دیئے گئے ، 240 ارب روپے کے سستے قرضے دیئے گئے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو لیڈرز ان بزنس سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے کورونا کو قابو پایا گیا ، ہم نے کورونا بحران پر بہتر قابو پایا ، دنیا کے مقابلے میں پاکستان میں کورونا کیسز کی رفتار کم ہے ، پاکستان میں کورونا کے دوران تیزی سے لوگوں کو نقد مدد دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری اور لوگوں کو 2 ٹریلین کے قرضے دیئے گئے ، 430 ارب روپے نئی سرمایہ کاری کے لئے دیئے گئے، 240 ارب روپے کے سستے قرضے دیئے گئے ، کاروباری برادری کو ملازمین کو نوکریوں سے نہ نکالنے کا کہا گیا ، معیشت بحال ہوئی ہے ، معاشی شرح نمو منفی سے 4فیصد ہوئی ہے ، اس کا مطلب ہےکہ لوگوں کی آمدن میں 4فیصد اضافہ ہوا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اڑھائی سالوں میں قرضوں کی شرح بلحاظ جی ڈی 86 فیصد سے کم کرکے 83.5 کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ ترسیلات زر میں جون 2021 کو ختم ہونے والے سال کے دوران 27فیصد اضافہ ہوا ،رواں مالی سال بھی اضافے کی شرح برقرار ہے۔ انہوں نے کہا کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں 2 لاکھ 40 ہزار بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے اکاؤنٹس کھول چکے ہیں اور اس میں 2.3 ارب ڈالر آچکے ہیں ،یومیہ ایک ہزار تارکین وطن یومیہ اکاؤنٹ کھلوا رہے ہیں، ہمارا ایکس چینج ریٹ مارکیٹ بیس ہے۔