حکومتی پالیسیوں کے باعث ٹیکسٹائل کا اہم سیکٹر پاور لوم انڈسٹری بہتری کی جانب گامزن ہونے لگی،ترجمان آل پاکستان کاٹن پاور لومز ایسوسی ایشن

206
ٹیکسٹائل مصنوعات

فیصل آباد۔21دسمبر (اے پی پی):کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باوجود بہترین حکومتی پالیسیوں کے باعث ٹیکسٹائل کا اہم سیکٹر پاور لوم انڈسٹری تیزی سے بہتری کی جانب گامزن ہونے لگی ہے اورگذشتہ 3 ماہ کے دوران جدید ترین ٹیکنالوجی کی حامل40ہزارنئی پاور لومز درآمد کر لی گئی ہیں جبکہ اربوں روپے مالیت کی مزید مشینری کی درآمد کے بھی آرڈرز دیئے جا چکے ہیں۔ترجمان آل پاکستان کاٹن پاور لومز ایسوسی ایشن نے بتایا کہ پہلے سے نصب پاورلومزآؤٹ ڈیٹڈہوچکی تھیں اسلئے اب ان کی جگہ جدید ترین ٹیکنالوجی کی حامل ڈیجیٹل پاورلومزکی تنصیب شروع کردی گئی ہے جس سے کم وقت میں بین الا قوامی معیار کا زیادہ کپڑا تیار کرنے میں مدد ملنے سمیت پیداواری لاگت میں کمی اور وقت و توانائی کی بچت بھی ہوگی۔ انہوں نے اے پی پی کو بتایا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر کو کورونا وائرس کی وبا کے بعد پہلے اربوں روپے مالیت کے درآمدی آرڈرز ملے اور اب حکومتی پالیسیوں نے ٹیکسٹائل کے اہم سیکٹر پاور لومز میں انقلاب برپا کر دیاہے۔ انہوں نے بتایا کہ تاریخ میں پہلی بار پاور لومز کو جدید ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جانے لگا اور تین ماہ اکتوبر، نومبر اور دسمبر میں خطیر رقم سے 40 ہزار سے زائد جدید لومز درآمد کر لی گئیں نیزاربوں روپے مالیت کی مزید پاورلومز خریدنے کیلئے آرڈرز بھی دئیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں کئی دہائیوں سے پرانی ٹیکنالوجی والی پاور لومز سے کپڑا تیار کیا جاتا تھالیکن جدید ٹیکنالوجی سے مزین واٹر اور ائیر جیٹ لوم سے لاگت اور وقت کم جبکہ پیداوار زیادہ ملے گی اور کپڑے کا معیار بھی پہلے سے دوگنابہتر ہو گا۔ انہوں نے بتایا کہ صنعتکار اسے کپڑے کی صنعت میں انقلاب قرار دے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومتی سکیم ٹیکنالوجی اپ گریڈیشن فنڈ کے تحت جدید لومز کا درآمد کیا جانا نہ صرف اس صنعت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرے گا بلکہ ملکی معیشت کی بہتری کیلئے بھی یہ مثالی اقدام ثابت ہوگا۔