
اسلام آباد۔24ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت اشیاء ضروریہ پر سبسڈی کے ذریعے غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنے جا رہی ہے، قومی احتساب بیورو(نیب) موثر انداز میں کام کر رہا ہے، ہم اس بار افغانیوں کے لئے کوئی مہاجر کیمپ قائم نہیں کریں گے، ہم افغانستان میں امن کے قیام کے بعد تمام افغان مہاجرین کو ان کے ملک واپس بھیجنا چاہتے ہیں، بھارت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کو بدتر صورتحال کا سامنا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیب موثر انداز میں اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہے، نیب ان لوگوں کے خلاف کارروائی کر رہا ہے جو کرپشن اور منی لانڈرنگ کے معاملات میں ملوث پائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے قوم کے ساتھ جھوٹ بولا ہے، وہ علاج کے لئے بیرون ملک گئے اور پھر ملک میں واپس نہیں آئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم انتخابات میں شفافیت لانا چاہتے ہیں، الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا نظام متعارف کرانا بھی انتخابی عمل کو شفاف بنانے کی ہی ایک کڑی ہے لیکن اپوزیشن جماعتوں نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو دیکھے بغیر ہی اس پر تحفظات کا اظہار کیا اور ای وی ایم کو مسترد کر دیا۔
ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اشیائے ضروریہ پر سبسڈی دینے کے ذریعے ملک کے غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنے جا رہی ہے، مہنگائی کی ایک وجہ اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں اضافہ بھی ہے، پاکستان میں گھی، آٹا، چینی اور دالیں درآمد کی جاتی ہیں، عالمی سطح پر قیمتوں میں اضافہ کے باعث ان اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ ہم افغانستان میں قیام امن کے خواہاں ہیں، ہم اس بار افغانیوں کے لئے کوئی مہاجر کیمپ نہیں قائم کریں گے، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت افغانستان میں قیام امن کے بعد تمام افغان مہاجرین کو ان کے ملک واپس بھیجنا چاہتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا کہ اب اندرونی اور بیرونی طور پر بھارت کے عوام اور میڈیا نے مودی کے خلاف بات کرنا شروع کر دی ہے، بھارت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کو بدتر صورتحال کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں رہنے والے مسلمانوں کے حقوق کی آواز بلند کرنے کے لئے مسلم دنیا کو آگے آنا چاہیے۔