اسلام آباد۔8ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ،ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کی برآمدات کو جلد 100 ملین ڈالر تک لے جانے میں کامیاب ہو جائے گی جبکہ ملک کے چیمبرز آف کامرس انڈسٹریز پر زور دیا کہ وہ برآمدات کو بڑھانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے سازگار کاروباری ماحول اور برآمدات میں بہتری کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر اور وزارت خزانہ و اقتصادی امور کے حکام نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت تاجر برادری کو مکمل طور پر تحفظ فراہم کرے گی جبکہ وفاقی وزیر نے ملک کے چیمبر آف کامرس پر زور دیتے ہوئے کہ وہ ملکی برآمدات کو بڑھانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے معاشی مسائل کا حل نجی شعبے کی سرمایہ کاری اور برآمدات کے فروغ میں مضمر ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کاروبار کو عالمی سطح کے ساتھ جوڑنا وقت کی اشد ضرورت ہے جبکہ تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ عالمی منڈی میں اپنی جگہ بنائیں تاکہ پاکستان عالمی منڈیوں سے بھرپور فائدہ اٹھا سکے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ملکی بقا اور سلامتی کے لئے معیشت کی بہتری ضروری ہے اور ملکی معیشت کو ڈالر خرچ کرنے کی بجائے ڈالر کمانے پر انحصار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حالیہ سیلاب کی وجہ سے ملکی معیشت بری طرح متاثر ہوئی ہے تاہم حکومت سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے عمل کو تیز کرنے کے لئے پرعزم ہے جبکہ تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ امدادی کارروائیوں میں اپنا کردار ادا کریں۔