اسلام آباد۔4اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداسحاق ڈارنے کہاہے کہ حکومت سرمایہ کاروں اورکاروبارکیلئے زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کیلئے مختلف اصلاحات پرعمل پیراہے۔انہوں نے یہ بات منگل کویہاں پاکستان میں قطرکے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمن بن فیصل الثانی نے سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیر خزانہ نے قطرکے سفیر کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے قطر کے عوام اور قیادت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیر خزانہ نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ باہمی تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت پاکستان میں سرمایہ کاروں اور کاروبار کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کے لیے مختلف اصلاحات پر عمل پیرا ہے۔ وزیر خزانہ نے قطرکے سفیرکو پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے دستیاب منافع بخش مواقع سے بھی آگاہ کیا اور قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی کی جانب سے پاکستان میں مختلف تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے منصوبوں کا خیرمقدم کیا۔
قطر کے سفیر نے اسحاق ڈارکو وزیر خزانہ کامنصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور ان کے ساتھ گرمجوشی کے جذبات کا اظہار کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے مختلف شعبوں بالخصوص توانائی، تجارت اور کاروبار میں سرمایہ کاری کے لیے قطر کی حکومت کے ارادے سے بھی آگاہ کیا۔وزیر خزانہ نے سرمایہ کاری کی تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئےقطر کے سفیر کو اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔