حکومت صحت کے شعبے میں بہتری کیلئے عملی اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے، شہری عیدالاضحی کی چھٹیوں کے دوران پہاڑی علاقوں میں سیاحتی مقامات پر کورونا کی حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل پیرا رہیں ، عبدالقادر پٹیل

62

اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر قومی صحت عبدالقاددر پٹیل نے کہا ہے کہ حکومت صحت کے شعبے میں بہتری کیلئے عملی اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے، شہری عیدالاضحی کی چھٹیوں کے دوران پہاڑی علاقوں میں سیاحتی مقامات پر کوروناوائرس کی حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل پیرا رہیں ۔

بدھ کو این سی او سی سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات کئے جا رہے ہیں، کورونا وائرس سے عوام کو تحفظ دینے کیلئے تمام تر اقدامات کو یقینی بنارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اپنے سیاحتی سفر کے دوران شہری کورونا کی حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل پیرا رہیں ، کورونا وائرس کے پھیلائو کا خطرہ ہجوم والی جگہوں پر زیادہ ہو جاتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ما سک اور ہینڈ سینیٹائزرکا استعمال یقینی بنائیں ، سماجی فاصلہ برقرار رکھیں اور اِس بات کو بھی یقینی بنائیں کہ سیاحت کیلئے جانے والے تمام افراد مکمل طور پر ویکسینیٹڈ ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صحت کے شعبے میں بہتری کیلئے عملی اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے ، جن افراد نے اپنی ویکسی نیشن مکمل کر لی ہے وہ بوسٹر ڈوز بھی لازمی لگوا ئیں ۔نیشنل کوآرڈینیٹر این سی اوسی میجر جنرل عامر اکرام نے کہا کہ شہری اپنا سفر شروع کرنے سے پہلے موسمی حالات بالخصوص بارشوں ، ژالہ باری ، طوفانی ہوائوں، اور دیگر صحت عامہ کے حالات کے بارے میں مستند معلومات کا حصول یقینی بنائیں، سیاحتی مقامات پر اچانک لوگوں کا ہجوم بڑھ جانے سے وہاں کے ہوٹلز اور ریسٹورنٹس وغیرہ میں قیام و طعام کی سہولتیں ناکافی ہوجاتی ہیں،

اِس لئے اپنا سفر شروع کرنے سے پہلے اِس بات کی مکمل تسلی کرلیں کہ جہاں آپ سیاحت کی غرض سے جارہے ہیں وہاں رہنے کی مناسب جگہ اورکھانے پینے کی اشیاء وافر مقدار میں اور مناسب داموں پر دستیاب ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ طغیانی اور لینڈسلائیڈنگ والے مقامات سے غیر محتاط طریقے سے گزرنے سے مکمل احتراز برتیں اور راستے کلیئر ہونے کے بارے میں متعلقہ سرکاری حکام/اداروں کی ہدایات پرسختی سے عمل پیرا ہوں۔