اسلام آباد ۔ 30 نومبر (اے پی پی) قائد ایوان سینیٹ سینیٹر سید شبلی فراز نے وزیراعظم عمران خان کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت عام آدمی کے مسائل حل کرنے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملکی بہتری کے لیے پہلی مرتبہ ایک جمہوری حکومت نے خو د کو عوام کے سامنے پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے 100 دنوں میں حکومت کی کارکردگی بہت بہتر اور غیر معمولی ہے۔ قائد ایوان سینیٹ کا کہنا تھا کہ مطلوبہ نتائج کے حصول کے لیے پی ٹی آئی نے حکومت سنبھالنے کے بعد تعلیم و صحت سمیت سیاحت اور دیگر شعبوں کی بہتری پر توجہ مرکوز کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی گزشتہ حکومت کی ناکام اور غیر موثر پالیسیوں کی وجہ سے ملک بدترین اقتصادی حالات کا شکار تھا لیکن پی ٹی آئی کی موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے موثر طریقے سے کام کیا تاکہ ملک آگے بڑھے۔