اسلام آباد۔4جولائی (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے غذائی تحفظ جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ حکومت مال مویشیوں کی بہتر افزائش نسل کے جامع منصوبے پر 14 ارب روپے خرچ کرے گی جس سے مقامی سطح پر دودھ اور گوشت کی پیداوار، ڈیری و گوشت کی مصنوعات کی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا اور مویشی پال کسانوں کی معاشی حالت میں بہتری آئے گی۔ دیہی اور شہری آبادی کو خالص ، غذائیت سے بھرپور صحت افزا دودھ اور گوشت کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے دودھ اور گوشت کی مقامی پیداوار میں اضافہ کرنے کے لئے ملک میں مال مویشیوں کے شعبے کی ترقی اور زرعی اصلاحات کے تحت یہ اقدام اٹھایا جا رہاہے۔
انہوں نے کہا کہ گوشت اور دودھ کی پیداوار کے لحاظ سے مقامی مویشیوں کی پیداوار بین الاقوامی اوسط کے مقابلہ میں بہت پیچھے ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ دودھ کی کل سالانہ پیداوار 62 ملین ٹن رہی ہے اور حکومت اس شعبہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے ان اصلاحاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ مرکوز کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سروے کے مطابق ملک میں تقریبا 49 ملین گائیں ، 41 ملین بھینسیں اور 10 لاکھ بکریاں ہیں ، انہوں نے مزید کہا کہ ان کی اوسط دودھ کی پیداوار دوسرے ممالک کے مقابلے میں اس وقت کم ہے اور حکومت کا ارادہ ہے کہ ان کی پیداوار میں بہتر افزائش نسل کے ذریعے بتدریج دس فیصد اضافہ کیا جائے۔
جمشید اقبال چیمہ نے مزید بتایا کہ یہاں تقریبا 30 ملین گھروں میں مویشی پالے جاتے ہیں ، جودیگر اعلی نسل کے مویشیوں سے حاصل ہونے والی پیداوار کے مقابلے میں کم ہے جس پر پیداوار منحصر ہے، انہوں نے مزید کہا کہ کم پیداواریت کاشتکاروں اور صارف دونوں کے لئے نقصان کا بھی باعث ہے۔ مصنوعی افزائش نسل کے تحت مقامی نسل کے مویشیوں کی جگہ اعلی نسل کے مویشیوں کی افزائش کی جائے گی جو پیداوار کو دس گنا بڑھانے میں معاون ثابت ہوں گی ، انہوں نے مزید کہا کہ اس سے ایک یا دو جانور رکھنے والے چھوٹے کاشتکاروں کو فائدہ ہوگا اور ان کی آمدنی میں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں نقشہ بندی اور سروے کیا گیا ہے اور پھلوں ، سبزیوں ، تیل کے بیجوں اور دالوں سمیت مختلف فصلوں کی پیداوار کے لئے علاقوں کی نشاندہی کی گئی ہے ، اس کے علاوہ زراعت کو زیادہ منافع بخش بنانے کے لئے مویشیوں اور خوراک کی اعلی پیداوار کے علاقوں کی نشاندہی کی جاسکتی ہے۔ گلگت بلتستان کے علاقوں کو مویشیوں کی پیداوار اور اعلی قدر والی فصلوں کی پیداوار کے لئے نشان زدہ کیا گیا ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ جی بی کی کل آبادی تقریبا 1.6 ملین ہے اور یہاں تقریبا 3.2 ملین مقامی مویشیہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقامی نسل کی جگہ اعلی پیداواری مویشیوں کی نسل مہیا کی گئی ہے تاکہ بہتر افزائش کے ذریعے بہتر پیداوار حاصل کی جا سکے۔