اسلام آباد۔21نومبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے متحرک، متنوع اور ذمہ دار میڈیا منظر نامہ کو فروغ دینے کے حکومتی عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج ہمیں میڈیا کے شعبے میں بہت سے چیلنجز درپیش ہیں،
ٹیکنالوجی کی تیز رفتار ترقی نے میڈیا میں استعمال ہونے والے طریقوں کو تبدیل کر دیا ہے، اس چیلنجنگ ماحول میں ہماری بنیادی توجہ پاکستانی میڈیا انڈسٹری کو مضبوط بنانے پر مرکوز ہونی چاہئے۔ یہ بات انہوں نے منگل کو یہاں وفاقی سیکرٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد اور سابق سیکرٹری ظہور احمد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے شاہیرہ شاہد کو سیکرٹری اطلاعات کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور سیکرٹریٹ گروپ کے سینئر افسر سابق سیکرٹری ظہور احمد کی وزارت اطلاعات کے لئے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
ملاقات میں وزارت اطلاعات کی کارکردگی، میڈیا انڈسٹری کو درپیش چیلنجز اور مواقع، بیرون ملک پاکستان کے مثبت امیج کو فروغ دینے میں وزارت کے کردار سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ ملاقات میں میڈیا انڈسٹری کو درپیش چیلنجز اور مواقع سے نمٹنے کے لئے میڈیا انڈسٹری کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ وفاقی سیکرٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد اور سابق سیکرٹری ظہور احمد قابل افسران ہیں، ان کے ساتھ کام کرنا میرے لئے باعث فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت متحرک، متنوع اور ذمہ دار میڈیا منظر نامہ کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمیں میڈیا کے شعبے میں بہت سے چیلنجز درپیش ہیں، ٹیکنالوجی کی تیز رفتار ترقی نے میڈیا میں استعمال ہونے والے طریقوں کو تبدیل کر دیا ہے، اس چیلنجنگ ماحول میں ہماری بنیادی توجہ پاکستانی میڈیا انڈسٹری کو مضبوط بنانے پر مرکوز ہونی چاہئے۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ہمیں عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص، اپنے بھرپور ثقافتی ورثے اور سماجی و اقتصادی کامیابیوں کو دنیا کے سامنے پیش کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کی آزادی اور صحافیوں کے حقوق کا تحفظ ہمارا پختہ عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اطلاعات و نشریات کا شعبہ پاکستان کے مستقبل کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔\