حکومت مختلف پروگراموں کے ذریعے عوام کے معیار زندگی کو بلند کرنے کے لیے پرعزم ہے، وفاقی وزیر خزانہ

133

اسلام آباد۔25نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداسحاق ڈارنے کہاہے کہ حکومت عوام بالخصوص معاشرے کے معاشی طورپرکمزورطبقات کی فلاح و بہبود کے بارے میں گہری تشویش رکھتی ہے اور مختلف پروگراموں کے ذریعے عوام کے معیار زندگی کو بلند کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کویہاں قومی صحت کارڈ/صحت سہولت پروگرام پر وزیراعظم کی تشکیل کردہ خصوصی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

وفاقی وزیر برائے نیشنل ہیلتھ، سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن عبدالقادر پٹیل، منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات کے وفاقی وزیر احسن اقبال،وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو طارق محمود پاشا، سی ای او صحت سہولت پروگرام محمد ارشد، چیئرمین اسٹیٹ لائف انشورنس شعیب جاوید، اسپیشل سیکرٹری فنانس اور فنانس، ہیلتھ اور پاورٹی ایلیویشن ڈویژنز کے دیگر سینئر افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں صحت سہولت پروگرام کی نوعیت اور آپریشنل فریم ورک کا جائزہ لیا گیا۔ بتایا گیا کہ وفاقی صحت سہولت پروگرام فی الحال وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور ضلع تھرپارکر کی تمام آبادیوں تک پھیلا ہوا ہے۔

اجلاس کے دوران پروگرام کی توسیع کے لئے مختلف پالیسی امکانات کے ساتھ ساتھ ان کے مالی اثرات کے بارے میں بھی بتایا گیا۔ اس بات کو بھی اجاگر کیا گیا کہ یہ صحت پروگرام غربت کی شرح کو کم کرنے، عوام کے مالی تحفظ کو بڑھانے، صحت کے بنیادی ڈھانچے کی تبدیلی اور صحت کے معیار کو بڑے پیمانے پر بہتر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام بالخصوص معاشی طورپرکمزورطبقات کی فلاح و بہبود کے بارے میں گہری تشویش رکھتی ہے اور مختلف پروگراموں کے ذریعے عوام کے معیار زندگی کو بلند کرنے کے لئے پرعزم ہے۔

نیشنل ہیلتھ، سروسز، ریگولیشنز اور کوآرڈینیشن کے وفاقی وزیر عبدالقادر پٹیل نے صحت پروگرام کو زیر غور لانے اور تعاون کرنے پر وزیر خزانہ کی تعریف کی۔