حکومت معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے ، جدید ٹیکنالوجی کو اپنائے بغیر ملکی ترقی ممکن نہیں، خالد مقبول صدیقی

155

لاہور۔20دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ حکومت معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے ، تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی کو اپنائے بغیر ملکی ترقی ممکن نہیں ،ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے،پی ٹی آئی کا مستقبل خود انکی جماعت نے طے کرنا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاںکالج آف انٹرنیشنل سکلز ڈویلپمنٹ اورپاکستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب و میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی کو اپنائے بغیر ملکی ترقی ممکن نہیں ، حکومت معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے دن رات کوشاں ہے

تعلیمی اداروں میں بہتری لانے کیلئے مزید اصلاحات کی جا رہی ہیں ،سکولوں میں مڈل اور میٹرک ٹیک کا بھی آغاز جلد کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان طبقہ پاکستان کا اثاثہ اورروشن مستقبل ہے ،ملک کی آبادی 18 کروڑ نوجوانوں پرمشتمل ہے،جاپان سے دوگنا زیادہ نوجوان ہمارے ملک میں بستے ہیں، ہمیں بہتر مستقبل کے لیے ان نوجوانوں کو جدید علوم سے بہرہ مند کرنا ہو گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ نوجوانوں کو دنیا سے ہم آہنگ کرنے کیلئے سکلز ایجوکیشن پر توجہ مرکوز کرنا ہو گی،روایتی تعلیم کے ساتھ ساتھ انہیں جدید ٹیکنالوجی سے وابستہ کورسز بھی کروانے ہوں گے جس کیلئے حکومت مثبت پالیسیاں مرتب کر رہی ہے۔خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے ملک بھر میں بچوں کو اسکلز ایجوکیشن میں اسکالرشپ فراہم کر ر ہے ہیں

یہ تعلیمی وظائف نیڈ کم ٹیلنٹ کی بنیاد پر دیئے جا رہے ہیں، اسکلز پروگرامز میں بیوٹیشن، سیاحت، فیشن ڈیزائنگ،ڈیجیٹل میڈیا اورپروڈکشن سمیت دیگر شعبہ جات شامل ہیں، ان وظائف کی فراہمی کا مقصد ہونہار طلبہ کی حوصلہ افزائی کرنا ہے تاکہ وہ اپنی تعلیم کو بہتر طریقے سے جاری رکھ سکیں ۔وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ ہمیں آگے بڑھنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو اپنانا ہوگا اور ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہونے کیلئے عام تعلیم کی بجائے سائنسی علوم میں مہارت حاصل کرنا ہو گی ۔ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو آپس کے ا ختلافات بھلا کر ملکی ترقی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔

پی ٹی آئی کے مستقبل کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا مستقبل خود انکی اپنی جماعت نے طے کرنا ہے، جلائو گھیرائو کی سیاست سے ملک کو نہ صرف ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے بلکہ ترقی کے سفر میں بھی رکاوٹ آئی ہے ۔بعد ازاں وفاقی وزیر تعلیم نے نمائش میں رکھے طلباوطالبات کے بنائے ہوئے سکلز بیسڈ فن پاروں کے اسٹالزکا دورہ کیا اور ان کے فن کو سراہا