حکومت میڈیا کی آزادی پر کامل یقین رکھتی ہے، ورکنگ جرنلسٹس کی سیفٹی، ٹریننگ سمیت انہیں درپیش مسائل حل کئے جائیں گے، وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی مری پریس کلب کے وفد سے گفتگو

189

اسلام آباد۔21فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت میڈیا کی آزادی پر کامل یقین رکھتی ہے، ورکنگ جرنلسٹس کی سیفٹی، ٹریننگ سمیت انہیں درپیش مسائل حل کئے جائیں گے۔ یہ بات انہوں نے منگل کو یہاں ملاقات کیلئے آئے مری پریس کلب کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ صحافیوں کی گروپ انشورنس کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جا رہے، علاوہ ازیں صحافیوں کی تنخواہوں کی ادائیگی کے حوالے سے بھی اہم ترامیم لائی جا رہی ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے مری پریس کلب کے وفد کے مسائل توجہ سے سنے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے مسائل سے آگاہ ہیں، ان کے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

ملاقات میں مری کی سیاحتی اہمیت، پریس کلب اور صحافیوں کو درپیش مسائل سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ وفد میں مری پریس کلب کے صدر عبدالحمید عباسی، چیئرمین شفقت عباسی، جنرل سیکرٹری یاسر عباسی، سینئر ارکان اویس الحق اور ابوذر عباسی شامل تھے۔