حکومت نئے وفاقی بجٹ میں معیشت کے تمام شعبوں میں خوشحالی اور مختلف شعبوں میں وسائل کی منصفانہ تقسیم یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے، وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا بجٹ تجاویز اجلاس میں اظہار خیال

235

اسلام آباد۔22مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہاہے کہ حکومت نئے وفاقی بجٹ میں معیشت کے تمام شعبوں کے لیے معاشی خوشحالی لانے اور مختلف شعبوں میں وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے۔

انہوں نے یہ بات پیرکویہاں ایف بی آر کی جانب سے پیش کردہ بجٹ تجاویز پر اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔وزیرمملکت برائے خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، معاون خصوصی طارق باجوہ،معاون خصوصی طارق محمود پاشا، سیکرٹری خزانہ، ڈاکٹر اشفاق تولہ،چئیرمین ایف بی آراور وزارت کے سینئر افسران اجلاس میں شریک تھے۔

چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد نے وفاقی بجٹ 2023-24 کے لیے بجٹ تجاویز پر تفصیلی پریزنٹیشن دی جس پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر خزانہ نے حکومت کی جانب سے کاروبار اور عوام دوست بجٹ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے کہ نیا بجٹ معیشت کے تمام شعبوں کے لیے معاشی خوشحالی لائے اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنائے۔