30.5 C
Islamabad
جمعہ, مئی 23, 2025
ہومقومی خبریںحکومت نے پاکستان ڈیجیٹل اثاثہ جات اتھارٹی کے قیام کی منظوری دیدی،...

حکومت نے پاکستان ڈیجیٹل اثاثہ جات اتھارٹی کے قیام کی منظوری دیدی، بلاک چین پر مبنی مالیاتی ڈھانچے کی نگرانی کرے گا

- Advertisement -

اسلام آباد۔21مئی (اے پی پی):حکومت نے پاکستان ڈیجیٹل اثاثہ جات اتھارٹی(پی ڈی اے اے)کے قیام کی منظوری دے دی ہے جو بلاک چین پر مبنی مالیاتی ڈھانچے کی نگرانی کرے گا۔ وزارت خزانہ کی جانب سے بدھ کویہاں جاری بیان کے مطابق مستقبل کے مالیاتی نظام کو اپنانے کی جانب ایک تاریخی قدم کے طور پر وزارتِ خزانہ نے ڈیجیٹل اثاثہ جات کو ضابطہ کار میں لانے اور پاکستان کی ورچوئل اثاثہ معیشت کے فروغ کے لئے ایک جامع حکمتِ عملی شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ حکومت نے ایک علیحدہ ادارے پاکستان ڈیجیٹل اثاثہ جات اتھارٹی کے قیام کی منظوری دے دی ہے جو بلاک چین پر مبنی مالیاتی ڈھانچے کی نگرانی کرے گا۔ اس اقدام کا مقصد ایف اے ٹی ایف کے مطابق اختراع، معاشی شمولیت، اور ڈیجیٹل اثاثہ جات کے ذمہ دارانہ استعمال کو یقینی بنانا ہے۔

وفاقی وزیرخزانہ و محصولات اور پی سی سی کے چیئرمین محمد اورنگزیب نے اس موقع پر بتایا کہ پاکستان کو صرف پیچھے رہنے سے بچنے کے لئے نہیں بلکہ قیادت کے لئے ضابطہ کار بنانا ہوگا۔ اتھارٹی کے قیام کے ساتھ ہم ایک ایسا فریم ورک تشکیل دے رہے ہیں جو صارفین کو تحفظ فراہم کرے گا، عالمی سرمایہ کاری کو مدعو کرے گا اور پاکستان کو مالیاتی اختراع کے اگلے مرحلے پر لے جائے گا۔ پی ڈی اے اے ایک خصوصی نگران ادارہ ہوگا جسے ڈیجیٹل اثاثوں کے نظام میں لائسنسنگ، تعمیل اور اختراع کی نگرانی کا واضح مینڈیٹ حاصل ہوگا۔

- Advertisement -

یہ ادارہ ایک متحرک اور ہمہ گیر فریم ورک کے تحت ایکسچینجز، کسٹوڈینز، والٹس، ٹوکنائزڈ پلیٹ فارمز، سٹیبل کوائنز اور ڈی فائی ایپلی کیشنز کو ضابطہ کار میں لائے گا۔ یہ سٹریٹجک فیصلہ پاکستان کو ان ترقی پسند معیشتوں کی صف میں لا کھڑا کرے گا جنہوں نے پہلے ہی ڈیجیٹل اثاثہ جات کے نگران ادارے قائم کئے ہیں جیسے کہ متحدہ عرب امارات، جاپان، سنگاپور اور ہانگ کانگ تاکہ اختراع کو فروغ دیا جا سکے اور عالمی مالیاتی معیارات کی پاسداری کو یقینی بنایا جا سکے۔

اتھارٹی کے قیام سے 25 ارب ڈالر سے زائد کے غیر رسمی کرپٹو مارکیٹ کو ضابطہ کار میں لانے، قومی اثاثوں اور سرکاری قرضوں کی ٹوکنائزیشن کو ممکن بنانے، مقامی و عالمی سرمایہ کاروں کے لئے قانونی وضاحت فراہم کرنے، پاکستان کی زائد بجلی کو باقاعدہ بٹ کوائن مائننگ کے ذریعے آمدن میں تبدیل کرنے اور نوجوانوں اور سٹارٹ اپس کو بلاک چین پر مبنی حل بڑے پیمانے پر تخلیق کرنے کے قابل بنانے میں مدد ملے گی۔

پی ڈی اے اے کے مجوزہ قیام سے پاکستان عالمی ڈیجیٹل معیشت میں ایک مؤثر کردار ادا کرنے کے اپنے ارادے کا اظہار کر رہا ہے تاکہ ذمہ دارانہ اختراع کو فروغ دیا جا سکے اور سرمایہ کاروں، کاروباری افراد اور بین الاقوامی شراکت داروں کا اعتماد حاصل کیا جا سکے۔ پاکستان کرپٹو کونسل کے سی ای او بلال بن صقیب نے بتایاکہ یہ صرف کرپٹو کا معاملہ نہیں بلکہ ہمارے مالیاتی مستقبل کی نئی تشکیل، عوامی رسائی میں توسیع، ٹوکنائزیشن، ڈیجیٹل فنانس اور ویب 3 کے ذریعے برآمدات کے نئے راستے کھولنے کا موقع ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=599640

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں