اسلام آباد۔17مارچ (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ حکومت پارلیمانی سکیورٹی کمیٹی اجلاس میں بانی پی ٹی آئی کو بلانے کے حوالے سے کوئی اقدام نہیں کر رہی ،عید کے بعدپی ٹی آئی بیشک احتجاج کرے لیکن حملہ آورہونے کارویہ ترک کرے۔
ایسے حالات کو جوسیاسی جماعت یا فرد سیاسی فائدے کیلئے استعمال کریگی تو وہ دہشت گردوں کے ساتھ کھڑی ہو گی، ملک کے ساتھ نہیں کھڑی ہو گی۔ وہ پیر کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔
وزیر دفاع نے کہا کہ حکومت سمیت تمام ادارے بلوچستان اورخیبرپختونخوا میں حالات بہترکرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی سیکورٹی کمیٹی کا اجلاس بلایاگیا ہے اس میں تمام پارٹیوں کی نمائندگی ہوگی ،سیکورٹی اجلاس میں سب کی آراءاور تجاویز آجائے گی ۔
ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ کے پی حکومت اپنے صوبے پر توجہ دے اور حالات درست کرے ،اپنے صوبے کی حدود سے تجاوزکرنا بند کرے اور عوام کی خدمت پر توجہ دے ،پانچ ماہ سے کے پی میں امن و امان کی صورتحال بہتر نہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=573560