حکومت پاکستان کی ہدایات پر پی آئی اے کا طیارہ 51 رکنی ریسکیو ٹیم لے کر آج استنبول پہنچے گا

127
PIA

اسلام آباد۔7فروری (اے پی پی):حکومت پاکستان کی ہدایات پر پی آئی اے کا طیارہ 51 رکنی ریسکیو ٹیم کو لے کر آج استنبول پہنچے گا۔ منگل کو ترجمان پی آئی اے نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پی کے 707 کی پروازپاکستانی ریسکیو ٹیم اور ان کے 7 ٹن وزنی خصوصی آلات کو لے کر لاہور سے استنبول روانہ ہو رہی ہے۔ پرواز پر امدادی سامان کی ترسیل کیلئے بھی اقدامات مکمل کردیئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی استنبول (ترکیہ) کیلئے روزانہ کی بنیاد پر پروازیں چلائی جا رہی ہیں جو کہ ترکیہ کے لیے حکومتی امدادی اقدامات کیلئے ہمہ وقت دستیاب ہوں گی۔ پی آئی اے انتظامیہ نے انسانی ہمدردی بنیادوں پر ریلیف سامان کی ترسیل بھی بلا معاوضہ کر دی ہے۔ پی آئی اے کی استنبول(ترکیہ) اور دمشق(شام) جانے والی تمام پروازوں پر ریلیف سامان کی ترسیل مفت کردی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سامان این ڈی ایم اے کے ذریعے پی آئی اے کے کارگو ٹرمینل پر پہنچایا جاسکتا ہے۔ پی آئی اے وسیع تر قومی مفاد میں ہمیشہ اپنی خدمات پیش کرتا کرتا جوکہ ہمارا قومی فریضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی امدادی کام یا زخمی ہم وطنوں کو وطن واپس لانے کے لئے ہی آئی اے تمام وسائل بروئے کار لائے گا۔