حکومت پولیو کے خاتمے کیلئے بھر پور اقدامات کر رہی ہے ، گزشتہ سال پورے ملک میں پولیو کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا،ڈاکٹر فیصل سلطان

84
حکومت پولیو کے خاتمے کیلئے بھر پور اقدامات کر رہی ہے ، گزشتہ سال پورے ملک میں پولیو کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا،ڈاکٹر فیصل سلطان

ڈیرہ اسماعیل خان۔27جنوری (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ حکومت پولیو کے خاتمے کیلئے بھر پور اقدامات کیے جارہے ہیں ، گزشتہ سال پورے ملک میں پولیو کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا، ہمارا مشن پولیو کو جڑ سے اکھاڑنا ہے، تمام طبقہ فکر کے لوگوں کو اپنی اپنی کمیونٹی میں پولیو جیسی مہلک بیماری کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کرنا ہے، دنیا کورونا کے مرض کے سدبات، ویکسین کے اقدامات، تدارک کے سلسلے میں حیران ہے۔

قومی صحت کارڈ ہماری حکومت کا تاریخی منصوبہ ہے ،یہ کارڈ صحت کے شعبے میں انقلابی قدم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرکٹ ہاوس ڈیرہ میں پولیو کے جڑ سے خاتمے کے سلسلہ میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں اپنے ہیلتھ ورکرز، سکیورٹی فورسز و دیگر اداروں کی کاوشوں اور پولیس کی قربانیوں، شہادتوں پر فخر ہے ۔

انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے تاحال ہمارے ماحول، نالوں، گندگی وغیرہ میں پولیس کا وائرس موجود ہے جبکہ دنیا کے دو ممالک جن میں ہمارا ملک بھی شامل ہے، پولیو کی بیماری موجود ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری ساری محنت ضائع نہ ہو جائے، ہم سب کو ملکر پولیو کی بیماری کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے لوگوں میں اپنے خاندان میں آگاہی مہم میں اپنا حصہ ڈالنا چاہئے۔

معاون خصوصی برائے صحت وزیراعظم نے کہا ہے کہ پاکستان کے تقریباً اکثرعلاقوں سے پولیو کا خاتمہ ہو چکا ہے تاہم ڈیرہ اسماعیل خان اور ایک دو علاقوں میں اس کا وائرس گندگی کے ماحول میں موجود ہونے کے باعث ہے، ہم کوئی خطرہ مول لینا نہیں چاہتے ہیں، ہم اور ہمارے ادارے تمام تر حفاظتی اقدامات کے ساتھ ساتھ عملی جدوجہد میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ صوبہ کے پی واحد وہ صوبہ ہے جہاں سب سے پہلے صحت کارڈ کا اجراکیا گیا جس سے 10 لاکھ تک کی خطیر امداد سے غریب، پسماندہ خاندانوں کی صحت کے سلسلے میں امداد ہو رہی ہے۔ اس تقریب سے کمشنر ڈیرہ اسماعیل عامر لطیف، آر پی او ڈیرہ شوکت عباس نے بھی خطاب کیا۔

تقریب میں ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان اضلاع کے کونسلرز ممبران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ڈاکٹر فیصل سلطان نے ڈیرہ اسماعیل خان مفتی محمود میموریل ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے ہسپتال میں مریضوں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔

انتظامیہ نے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ہیلتھ ڈاکٹر فیصل سلطان کو ہسپتال کو درپیش چیلنجز اور کارکردگی بارے اگاہ ،ڈاکٹر فیصل سلطان نے ویکسینیشن کاونٹر اور حفاظتی ٹیکہ جات کا دورہ بھی کیا ۔