حکومت پولیو کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے، پولیو کے خاتمے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر موثر حکمت عملی ترتیب دی ہے ،عبدالقادر پٹیل

70

اسلام آباد۔2اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت پولیو کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے، پولیو کے خاتمے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر موثر حکمت عملی ترتیب دی ہے ۔

منگل کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کیلئے وائرس کی بھر پور نگرانی کی جارہی ہے،بنوں،لاہور،اسلام آباد، نوشہرہ راولپنڈی، سوات اور پشاور میں ماحولیاتی نمونوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جن سات بڑے شہروں کے ماحولیاتی نمونوں میں وائرس موجود ہے وہاں موثر اقدامات کو یقینی بنا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت پولیو کے خاتمے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ والدین سے اپیل ہے پولیو مہمات کے دوران اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں ۔

عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں والدین سول سوسائٹی علماء اور میڈیا بھر پور ساتھ دیں ۔رواں برس پولیو کے 14 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پولیو وائرس کی موجودگی ہمارے لئے لمحہ فکریہ ہے ۔ 15 اگست سے جنوبی خیبرپختونخوا میں پولیو مہم شروع ہوگی۔ 22 اگست سے ملک کے دوسرے علاقوں میں بھی مہم شروع ہورہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وائرس کے خطرہ کے پیش نظر والدین اپنے بچوں کو حفاظتی قطرے ضرور پلوائیں ۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے محفوظ مستقبل کی ذمہ داری ہم سب پر عائد ہوتی ہے ۔ انہوں نے ا پیل کی ہے کہ آئیں سب مل کر پولیو وائرس کے خاتمہ میں اپنا کردار ادا کریں۔