حیدرآباد۔5اگست (اے پی پی):ملک بھرکی طرح حیدرآباد میں بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے سلسلے میں یوم استحصال منایا گیا۔ اس موقع پرڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو اور ایڈیشنل کمشنر ون حیدرآباد فرخ شہزاد کی قیادت میں شہباز بلڈنگ حیدرآباد سے ایک واک کا اہتمام کیا گیا جو کہ ٹھنڈی سڑک سے ہوتی ہوئی پوسٹ ماسٹر جنرل کے دفتر پر اختتام پذیر ہوئی ۔
واک کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری مسلمانوں کو ان کا حق خودارادیت دیا جائے جبکہ بھارت اپنی طاقت کے ذریعے کشمیری بھائیوں پر مظالم کا سلسلہ بند کرے، دنیا میں بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے کہ وہ ایک ظالم اور جابر ملک ہے جو کہ بے قصور کشمیری بھائیوں پر ظلم کررہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہر فرد مرتے دم تک بھارت کے ایسے ناروا سلوک کے خلاف اپنی آواز بلند کرتا رہے گا ۔ ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو نے مزید کہا کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے اور وہ دن دور نہیں جب کشمیریوں کو بھارت کے مظالم سے نجات ملے گی، ہم بحیثیت پاکستانی اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں ۔
واک میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر حیدرآباد قائم اکبر نمائی ،اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر کمشنر آفس حیدرآباد سجاد کھڑو، ایڈیشنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محبوب الزماں، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر رضا محمد میمن،وفاقی اور صوبائی محکموں کے افسران کے علاوہ سماجی تنظیموں بھائی خان ویلفیئر ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری محمد یاسین آرائیں، یوتھ ویلفیئر سوسائٹی کے بانی و جنرل سیکریٹری سید فہیم الدین شاہ ،مرکزی صدر لالہ علی بخش پٹھان کے علاوہ دیگر سماجی تنظیموں کے عہدیداران،مختلف سکولوں کے طالب علموں ، سکائوٹس، اساتذہ اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔