اسلام آباد۔20جون (اے پی پی):ملک سے خدمات کی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 11ماہ میں سالانہ بنیادوں پر3 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔ سٹیٹ بینک اورپاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جولائی 2022 سے لیکرمئی 2023 تک کی مدت میں خدمات کی برآمدات سے ملک کو6.65 ارب ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں تین فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں خدمات کی برآمدات سے ملک کو6.43 ارب ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواتھا۔
مئی 2023 میں خدمات کی برآمدات کاحجم 617 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ سال مئی کے مقابلہ میں 20 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ سال مئی میں خدمات کی برآمدات سے ملک کو515 ملین ڈالر کا زر مبادلہ حاصل ہواتھا، اپریل کے مقابلہ میں مئی میں خدمات کی برآمدات میں ماہانہ بنیادوں پربھی 20 فیصدکی نموہوئی ہے، اپریل میں خدمات کی برآمدات سے ملک کو515 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواجو مئی میں بڑھ کر617 ملین ڈالرہوگیا۔