
کراچی ۔28اگست (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خصوصی بچوں کو تعلیم اور ہنر فراہم کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ خصوصی صلاحیتوں کے حامل کھلاڑی کھیل کے میدان کی طرح زندگی کے دیگر شعبوں میں بھی جذبے اور لگن کے ساتھ کام کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپیشل اولمپکس پاکستان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے پیر کو یہاں صدر مملکت اور خاتون اول سے ملاقات کی۔ صدر مملکت اور خاتون اول نے خصوصی صلاحیتوں کے حامل ایتھلیٹس کو برلن میں سپیشل اولمپکس میں حصہ لینے پر مبارکباد دی۔
صدر مملکت نے کہا کہ خصوصی صلاحیتوں کے حامل کھلاڑیوں نے سپیشل گیمز میں 80 سے زائد تمغے جیت کر سرفخر سے بلند کیا۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی بچے معاشرے کے اہم رکن ہیں، انہیں ضروری ہنر اور خصوصی تعلیم دی جائے۔
صدر مملکت نے کہا کہ خصوصی بچوں کو دیگر بچوں کے ساتھ سکولوں میں تعلیم دینے کیلئے کام کرنا ہوگا، جامع تعلیم سے معاشرے میں خصوصی افراد کی ضرورتوں بارے آگاہی بڑھے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بچوں کو خصوصی ضروریات کے حامل بچوں کے حقوق بارے تعلیم دینے کی ضرورت ہے ، مصنوعی ذہانت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سے خصوصی افراد مدد حاصل کرسکتے ہیں۔