26 C
Islamabad
پیر, اپریل 21, 2025
ہومقومی خبریںخواتین اور معذور افراد سمیت محروم طبقات کو مرکزی دھارے میں لانے،...

خواتین اور معذور افراد سمیت محروم طبقات کو مرکزی دھارے میں لانے، مصنوعی ذہانت سے فائدہ اٹھانے اور سرعت سے فیصلہ سازی ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے ناگزیر ہے، صدر ڈاکٹر عارف علوی

- Advertisement -

اسلام آباد۔11دسمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خواتین اور معذور افراد سمیت محروم طبقات کو مرکزی دھارے میں لانے، مصنوعی ذہانت سے فائدہ اٹھانے اور سرعت سے فیصلہ سازی کو ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نئے گریجویٹس کو عملی زندگی میں شامل ہونے کے بعد خواتین کو اپنے کاروبار اور متعلقہ شعبوں میں کام کرنے کا محفوظ ماحول فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ معذور خواتین کے لئے مواقع پیدا کرنے کی کوشش کرنی چاہئے۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار پیر کو یہاں ایوان صدر میں انسٹی ٹیوٹ آف کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکائونٹنٹس آف پاکستان (آئی سی ایم اے) کے کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صدر مملکت نے نئے گریجویٹس پر زور دیا کہ وہ اپنے ملازمین کی فلاح و بہبود اور ماحولیاتی تحفظ کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی متعلقہ صنعتوں کے ساتھ ساتھ معاشرہ میں اپنی ذمہ داریاں بھی ادا کریں۔ انہوں نے تعلیمی اداروں پر زور دیا کہ وہ لیڈر پیدا کریں کیونکہ ملک کو لیڈر شپ کی شدید کمی کا سامنا ہے جو عوام اور قوم کے ساتھ ایماندار ہونے کے ساتھ ساتھ مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہو

- Advertisement -

۔صدر مملکت نے غزہ میں جاری ہلاکتوں کی مذمت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے بھارتی سپریم کورٹ کی جانب سے بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں آرٹیکل 370 کی منسوخی کو برقرار رکھنے کے فیصلے کو مسترد کردیا۔ صدر مملکت نے غزہ میں ہونے والی بربریت پر ترقی یافتہ دنیا کے ضمیر پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ دنیا کو اخلاقیات پر مبنی اصولوں کی اشد ضرورت ہے جو مسلمانوں کی میراث ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے مفاد پرستی عالمی معاملات میں انسان دوستی پر حاوی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً 28 ملین پاکستانی بچے اسکولوں سے باہر ہیں اور انہیں اپنے مستقبل کو روشن کرنے کے لیے مدد کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ ملک کو پروفیشنل گریجویٹس کی کمی کا سامنا ہے لہذا انہیں بیرون ملک جانے کی ترغیب دینے کا طریقہ بلاجواز ہے۔ صدر نے کہا کہ نئے گریجویٹس کو عملی زندگی میں شامل ہونے کے بعد خواتین کو اپنے کاروبار اور متعلقہ شعبوں میں کام کرنے کا محفوظ ماحول فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ معذور خواتین کے لئے مواقع پیدا کرنے کی کوشش کرنی چاہئے۔ قبل ازیں اپنے خطبہ استقبالیہ میں آئی سی ایم اے کے صدر شہزاد احمد ملک نے کہا کہ ادارہ معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے کیونکہ یہ بہترین عالمی طریقوں کو اپناتے ہوئے اپنے معیار کو مسلسل بہتر بنا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی ایم اے خطے کے قدیم ترین اداروں میں سے ایک ہے جس کے 8ہزار اہل اراکین اور 18 ہزار فعال طلباء ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ دنیا کے معروف پیشہ ور اداروں سے بھی وابستہ ہے اور وہ صنعتوں اور کاروبار کی ابھرتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ آئی سی ایم اے کے صدر نے کہا کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی ہدایت پر بہترین عالمی طرز عمل اپناتے ہوئے آئی سی ایم اے نے اپنے نتائج میں نمایاں بہتری لائی ہے جسے بعد میں صدر مملکت نے بھی سراہا۔ کانووکیشن کی تقریب میں سفارت کاروں، اسلام آباد اور راولپنڈی کے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدور اور کارپوریٹ رہنمائوں کے علاوہ طلباء اور فارغ التحصیل طلباءکے والدین نے بھی شرکت کی۔ اس سے قبل صدر مملکت نے نئے گریجویٹس کو اسناد اور کونسل کے اراکین کو میڈلز سے نوازا۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=418899

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں