اسلام آباد۔22فروری (اے پی پی):وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے معاشرتی تحفظ و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ خواتین کو اقتصادی سرگرمیوں میں شریک کرنے کیلئے ڈیجیٹل مالی سہولیات پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ٹیلیکام اتھارٹی اور موبائل فون کمپنیوں جاز،یو فون،زونگ،ٹیلی نار،سپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن،اور ہواوئی سمیت دیگر کے تعاون سے کے تعاون سے پاکستان میں ڈیجیٹل کے شعبہ میں صنفی فاصلوں کو ختم کرنے سے متعلق ایک تقریب میں کیا۔
اس موقع پر سیکریٹری آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت، پی ٹی اے کے چیئرمین میجر جنرل(ر)عامر عظیم باجوہ نے بھی خطاب کیا جبکہ پارلیمنٹرینز سمیت موبائل کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسران نے بھی تقریب میں شرکت کی۔پی ٹی اے نے ملک میں مستقبل میں ڈیجیٹل کی ترقی کے سلسلہ میں آئی سی ٹی میں خواتین کی شراکت کے حوالے سے موبائل کمپنیوں سے معاہدوں پر دستخط کئے۔
معاہدے کا مقصد خوا تین کو معاشی واقتصادی شعبوں میں خود مختار بنانا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ثانیہ نشتر نے کہا کہ ڈیجیٹل رابطوں کے فروغ کیلئے پی ٹی اے کا کردار متحرک اور قابل ستائش ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشرے میں خواتین کو اقتصادی و معاشی سرگرمیوں میں شریک کرنے کیلئے ڈیجیٹل مالیاتی خدمات کو فروغ دینا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کی خودمختاری اور ان کے استحکام کیلئے احساس پروگرام کی صورت میں ایک بڑا اور قابل عمل فیصلہ کیاہے۔
اس موقع پرسیکرٹری آئی ٹی سہیل راجپوت نے کہا کہ ملک کے دور دراز علاقوں میں ڈیجیٹل پاکستان کے یکساں تصور کیلئے حکومت نمایاں اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی سی ٹی میں خواتین کی شمولیت بڑھ رہی ہے اور دیگر شعبوں میں خواتین کی شمولیت کیلئے مزید اقدامات کئے جارہے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی اے نےاس موقع پر کہا کہ پی ٹی ملک میں بلا تفریق ٹیلی کام رابطوں تک یکساں رسائی یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے،اور آئی سی ٹی کے شعبے میں صنفی امتیاز کے خاتمہ کیلئے کوشاں ہے۔انہوں نے ٹیلی کام کی عالمی یونین، یونیسکو اور جی ایس ایم اے اور ملک میں موجود ٹیلی کام آپریٹروں کی طرف سے اس سلسلہ میں تعاون کو سراہا ،تقریب میں آئی سی ٹی کے فروغ کیلئے کام کرنے والے عالمی اداروں کے نمائندوں کے خصوصی پیغامات بھی سنائے گئے۔