خواتین کو فیصل مسجدکے مرکزی ہال میں مخصوص جگہ پر نماز ادا کرنے کی اجازت ہونی چاہیے، صدر ڈاکٹر عارف علوی

168
President Dr. Arif Alvi
President Dr. Arif Alvi

اسلام آباد۔6دسمبر (اے پی پی): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے فیصل مسجد میں خواتین کی نماز پر پابندی اور صفائی کی ناقص صورتحال کی رپورٹ کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا بھر کی مساجد میں مناسب اسلامی لباس اور سر ڈھانپ کر خواتین کو نماز پڑھنے کی اجازت ہے، فیصل مسجد مذہبی اور سیاحتی اہمیت کی حامل ہے لیکن مرکزی ہال میں نہ تو خواتین کیلئے نماز کی علیحدہ جگہ ہے نہ ہی اس میں داخلے کی اجازت ہے۔

منگل کو ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار ڈان نیوز کی14 ستمبر کی خصوصی رپورٹ کا نوٹس لیتے ہوئے کیا جس میں مسجد میں خواتین کے نماز پڑھنے پر پابندی، صفائی اور دیکھ بھال کی ناقص صورتحال اور مسجد کے احاطے میں بھکاریوں کی موجودگی کی نشاندہی کی گئی تھی۔ صدر مملکت نے کہا کہ ضعیف اور بیمار خواتین کو لفٹ نہ ہونے کی وجہ سے دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے،

انہوں نے سوال کیا کہ ان پابندیوں کا سامنا کرتے ہوئے خواتین اپنی نماز کیسے ادا کر پائیں گی۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ میری رائے میں خواتین کو مرکزی ہال میں مخصوص جگہ پر نماز ادا کرنے کی اجازت ہونی چاہیے، خواتین کو اس عظیم مسجد کی تعمیراتی خوبصورتی کو سراہنے کیلئے مرکزی ہال میں جانے کی بھی اجازت ہونی چاہیے۔ صدر مملکت نے کہا کہ میری یہ رائے حرمین شریفین سمیت پوری دنیا کے مشاہدے پر مبنی ہے۔

سی ڈی اے نے ایوانِ صدر کو اپنی رپورٹ میں بتایا کہ صورتحال کی بہتری کیلئے اقدامات شروع کیے ہیں، دعوۃاکیڈمی کی پالیسی کے تحت صرف ایک گیلری خواتین کے لیے مختص ہے، مرکزی ہال میں خواتین کو داخلے کی اجازت نہیں۔ صدر مملکت نے خواہش ظاہر کی ہے کہ فیصل مسجد کے منتظم ان مسائل پر مزید وضاحت کریں۔\932