لاہور۔19اپریل (اے پی پی):رکن پنجاب اسمبلی و چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور میں منعقدہ ایمپاورمنٹ ایونٹ میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔تقریب کا اہتمام( دی لاجیکل اور ، لیٹس سپراٹ) نے مشترکہ طور پر کیا، جس کا مقصد خواتین کاروباری افراد، کارپوریٹ سیکٹر کی خواتین رہنمائوں اور سٹارٹ اپس کے مابین روابط کو فروغ دینا تھا۔ ایونٹ میں خاص طور پر سنگل مدرز اور گھریلو سطح پر کاروبار کرنے والی خواتین کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔حنا پرویز بٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں صرف 1فیصدخواتین رسمی معیشت کا حصہ بن پاتی ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ ایسا معاشی و سماجی نظام تشکیل دینے کی ضرورت ہے جہاں خواتین کو سپورٹ، سرمایہ کاری اور پالیسی سطح پر نمائندگی دی جائے۔ انہوں نے وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب خواتین کی فلاح و بہبود اور خودمختاری کے لیے ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن، ڈے کیئر سینٹرز، خواتین کے لیے سیکیورٹی ایپ اور کاروباری معاونت جیسے متعدد اقدامات کر رہی ہے۔ایونٹ میں نیٹ ورکنگ سیشنز، پینل ڈسکشنز شامل تھے، جن میں خواتین کی معاشی شمولیت، مالی رسائی، اور بزنس گائیڈنس پر گفتگو کی گئی۔
تقریب کے اختتام پر عبیدہ فائز (سی ای او، لیٹس سپراٹ) اور چوہدری فیصل نواز (سی ای او، دی لاجیکل) نے شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ خواتین کے لیے ایک مربوط، محفوظ اور حوصلہ افزا کاروباری ماحول فراہم کرنے کے لیے کوشاں رہیں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=584631