اسلام آباد۔31اکتوبر (اے پی پی):ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان نے کہا ہے کہ خواتین کو با اختیار بنانے،خواتین کے کاروباری اداروں کی ترقی اور فروغ کے لئے3 روزہ بین الاقوامی نمائشوں ’’پاکستان پویلین 18 ویں ٹریڈ فیئراو آئی سی ‘‘اور ’’ویکس نیٹ 2024 ‘‘ کا انعقاد کیا جائے گا ۔
ٹی ڈی اے پی کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق مذکورہ نمائشیں 29 نومبر تا یکم دسمبر کو ایکسپو سینٹر لاہور میں منعقد ہو ں گی ۔ نمائشوں میں خواتین کے کاروباری اداروں ، دستکاریوں سمیت ملبوسات ، زیورات ، کاسمیٹکس ، ہاتھ سے تیار کردہ جوتے ، انفارمیشن ٹیکنالوجی ، لائٹ انجینئرنگ ، فوڈ اینڈ ایگریکلچر و دیگر مصنوعات کی نمائش کی جائے گی ۔نمائشوں کے انعقادسے خواتین کے کاروباری اداروں کی ترقی اور قومی برآمدات میں اضافہ کے ساتھ ساتھ خواتین کو بااختیار بنانے میں بھی مدد ملے گی ۔