خواتین کے کاروبار کیلئے زیادہ سے زیادہ آسانیاں پیداکرنا اولین ترجیح ہے، انکو بیشن سنٹر کو فعال بنا کر پڑھی لکھی نوجوان خواتین اور انگیجنگ وومن انٹر پرینیورز کو کاروبار کی طرف مائل کیا جائے گا،روبینہ امجد

150
Faisalabad Chamber of Commerce and Industry
Faisalabad Chamber of Commerce and Industry

فیصل آباد۔4اکتوبر (اے پی پی):فیصل آباد وومن چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی نو منتخب صدرروبینہ امجدنے کہا کہ خواتین کے کاروبار کیلئے زیادہ سے زیادہ آسانیاں پیداکرنا اولین ترجیح ہے جبکہ انکو بیشن سنٹر کو فعال بنا کر پڑھی لکھی نوجوان خواتین اور انگیجنگ وومن انٹر پرینیورز کو کاروبار کی طرف مائل کیا جائے گا۔اے پی پی سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ ٹریڈ باڈیز اور وومن چیمبر کے درمیان روابط کو بڑھایاجبکہ مختلف قسم کی بین الاقوامی سطح کی کانفرنسز سے فیصل آباد وومن چیمبر کی سرگرمیوں کو مزیدفروغ دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وہ چیمبر کے پلیٹ فارم سے خواتین کو برآمدات بڑھانے کیلئے ضروری سہولتیں فراہم کریں گی جس کیلئے وومن لیڈ بزنسز اور کاروبار کے فروغ کیلئے ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کے شعبہ کو مزید فعال بنایا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ صوبائی اور وفاقی حکومتی اداروں کے ساتھ روابط کو مضبوط کر کے وومن بزنسز کے مسائل کو حل کروانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے، بین الاقوامی نمائشوں میں شرکت کیلئے حکومتی سطح پرسبسڈائزریٹس طے کروائے جائیں گے نیز وومن بزنسز کی کیپسٹی بلڈنگ کیلئے بزنس ڈویلپمنٹ ٹریننگ پروگرامز کا اجرا کیا جائے گا،

اسی طرح سیلاب سے متاثرین کیلئے سکل ٹریننگ پروگرامز شروع کئے جائیں گے تاکہ ان کو معاشی سرگرمیوں میں از سر نو شامل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ان کی ترجیح خواتین کو قومی معیشت کا پیداواری حصہ بنانا ہے کیونکہ خواتین کا پاکستان کی آبادی میں 52فیصد حصہ ہے لیکن معاشی سرگرمیوں میں ان کا شیئر صرف 9فیصد ہے لہٰذاہماری اولین ترجیح ہو گی کہ خواتین کے کاروبار کیلئے زیادہ سے زیادہ آسانیاں پیدا کی جائیں اور ایسے منصوبوں کو ترجیح دی جائے جس سے خواتین میں کاروباری رجحان پیدا ہو اور ان کو زیادہ سے زیادہ سہولیات مہیا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں فیصل آباد وومن چیمبر میں ڈسپلے سنٹر بھی قائم کیا جائے گا جو خواتین کی تیار کردہ مصنوعات کو ملکی اور غیر ملکی لیول پر رسائی بھی مہیا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ممبران کے مفادات کا تحفظ کرنے، صنعتی، کاروباری، تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ فیصل آباد کی تعمیر و ترقی کیلئے بھرپور کوششیں کی جائیں گی اور انشااللہ تمام سٹیک ہولڈرز کے تعاون سے ان کے دور میں فیصل آبا دوومن چیمبر مزید ترقی کرے گا۔انہوں نے کہا کہ وہ اپنی سینئر ساتھیوں و قائدین کی مشاورت سے فیصل آباد وومن چیمبر کو ملک کا مثالی وومن چیمبر بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گی۔

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کا وومن چیمبر اسلئے بھی خصوصی اہمیت کا حامل ہے کہ سی پیک کے تحت بننے والے ملک کے پہلے ترجیحی اکنامک زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی سمیت فیڈمک کے دیگر اکنامک زونز میں وسیع ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے باعث یہاں بزنس کے مواقع اور بھی بڑھ گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خواتین پاکستان کی معیشت میں فعال کردار ادا سکتی ہیں جبکہ ان کی بڑھتی ہوئی آبادی کی شرح کی وجہ سے انہیں قومی دھارے میں لائے بغیر معاشی ترقی ناممکن ہے لہٰذا اسی ضرورت کے پیش نظرفیصل آباد کی کاروباری خواتین اور بزنس انٹر پرینیورز کے مسائل کے حل کیلئے فیصل آباد وومن چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری قائم کیا گیااسلئے کاروباری خواتین اس کی رکنیت حاصل کرکے بہترین تجارتی مواقع سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ خواتین معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں جس کے باعث اس پلیٹ فارم کے ذریعے فیصل آباد اور اس کے گردو نواح کی خواتین کو موقع ملے گا کہ وہ اپنے مسائل کو گورنمنٹ لیول تک پہنچا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ جب ہر انسان انفرادی طور پر اپنااپنا کردار ادا کرے گا تب ہی ملک ترقی کر سکتا ہے کیونکہ ملکی ترقی کیلئے ہر فرد کا انفرادی کردار ضرور ی ہے تاکہ وہ انفرادیت سے اجتماعیت میں تبدیل ہو جائے۔انہوں نے کہا کہ وہ فیصل آباد کی بزنس خواتین کو دعوت دیتی ہیں کہ وہ آئیں اور اس چیمبر کی ممبر بنیں تاکہ وہ ملکی قتصادیات،اپنے شہر کی معیشت اور خاص طور پر اپنے کاروبار کے فروغ کیلئے اپنا کردار اچھے طریقے سے ادا کرسکیں۔