خواتین ہر شعبہ میں کامیابی کے جھنڈے گاڑ سکتی ہیں، اللہ تعالیٰ نے خواتین کو بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا ہے، روبینہ امجد

136
Rubina Amjad
Rubina Amjad

فیصل آباد ۔ 07 مارچ (اے پی پی):فیصل ۱ٓباد وومن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی صدرروبینہ امجد نے کہا کہ پاکستانی خواتین نے ملک کی وزیر اعظم، سپیکر اسمبلی، پائلٹس، انجینئرز، ڈاکٹرز،وفاقی و صوبائی وزیر، سائنسدان،آئی ٹی ماہرین سمیت ہر شعبہ ہائے زندگی میں اپنا شاندار و لازوال اور مثالی کردار ادا کیاہے جبکہ معاشرے میں 51فیصد خواتین کو اپنا اہم ترین کردار ادا کرتے ہوئے مساوی حیثیت سے مردوں کے شانہ بشانہ کام کرنا ہو گا نیزاگرورکنگ وومن اپنی عزت و عظمت کا خیال رکھتے ہوئے اپنا کام ذمہ داری اور احسن طریقے سے انجام دیں گی تو کامیابی ا ن کا مقدر بنے گی۔ خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے ’’اے پی پی‘‘ سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ خواتین ہر شعبہ میں کامیابی کے جھنڈے گاڑ سکتی ہیں، اللہ تعالیٰ نے خواتین کو بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا ہے جس کی بدولت انہوں نے پہلے بھی ہر شعبہ ہائے زندگی میں اپنا شاندار و لازوال اور مثالی کردار ادا کیاہے ۔

انہوں نے بتایاکہ خواتین کا عالمی دن پہلی بار 1911 میں منایاگیاجس کے بعد اقوام متحدہ نے 1975 میں اسے باقاعدہ طور پر خواتین کا عالمی دن قرار دے دیا اور اس دن کے بعد سے آج تک ہر سال 8مارچ کو خواتین کاعالمی دن بھرپور طریقے سے منایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری آبادی اکاون فیصد خواتین پر مشتمل ہے اور معاشرے میں مردوں کے مساوی حیثیت رکھتے ہوئے ہمیں ان کے شانہ بشانہ کام کرنا ہے۔صدر وومن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے مزید کہا کہ دین اسلام نے عورتوں کو باعزت مقام دیا ہے جنہیں حقوق فراہم کئے بغیر معاشرتی ترقی ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کا دن منانے کا مقصد مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین کی خدمات کا اعتراف کرنا اور ان کے بنیادی حقوق سے متعلق آگاہی پیداکرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ امر خوش ۱ٓئند ہے کہ حکومت خواتین کو ترجیحی بنیادوں پر بااختیار اور برسرروزگار کرنے کیلئے اہم اقدامات اٹھا اور حقوق نسواں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے جبکہ خواتین کے حقوق سے متعلق قانون سازی سے بہترنتائج حاصل ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ وومن چیمبر آف کامرس خواتین کو کاروباری مواقع فراہم کرنے اورانکی رہنمائی کیلئے ہمہ وقت موجود ہے تاکہ ووکیشنل اداروں سے فارغ التحصیل ہونے والی طالبات کو روزگار کے بہترین و یکساں مواقع میسر آسکیں۔انہوں نے خواتین کی فلاح و بہبود کیلئے وفاقی و صوبائی حکومتوں کے منصوبوں کو خوش آئند قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ امر باعث اطمینان ہے کہ حکومت خواتین کو تحفظ فراہم کرنے، ان کو جائز حقوق دلانے اور ان کی ترقی کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے لہٰذا ہماری خواتین کو چاہیے کہ وہ صنعتی، کاروباری، تجارتی، درآمدی، برآمدی سرگرمیوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ علاقائی تعمیرو ترقی اور فلاحی کاموں کیلئے بھی آگے بڑھ کر دکھی انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔انہوں نے کہا کہ معاشرہ میں سماجی او معاشی مسائل پر قابو پانے کیلئے حکومت نے خواتین طبقہ کیلئے بہترو وسیع روزگار اور ہنر مند بنانے کیلئے بلامعاوضہ ٹیکنکل ٹریننگ پروگرام شروع کئے ہوئے ہیں اسلئے انہیں چاہیے کہ گھریلو ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ وہ ہنر سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے دیگر خواتین کو بھی اس جانب راغب کریں۔