ملتان ۔ 06 مارچ (اے پی پی):خواتین یونیورسٹی ملتان میں خواتین کے عالمی دن کے سلسلے میں تقریب کا اہتمام کیاگیا۔ ترجمان کے مطابق خواتین یونیورسٹی میں ویمن ڈے کے سلسلے میں تقریب منعقد ہوئی جس کی مہمان خصوصی پرووائس چانسلر ڈاکٹر کلثوم پراچہ تھیں ۔
محکمہ ویمن ڈویلپمنٹ پنجاب ، ڈائریکٹوریٹ سٹوڈنٹس ویمن یونیورسٹی ملتان، ویمن ڈیویلپمنٹ سنٹر ،کیئرئر ڈویلپمنٹ سنٹر اور شعبہ اسلامیات کے زیراہتمام ہونےوالی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرووائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر کلثوم پراچہ کا کہنا تھا کہ ورکنگ خواتین صرف دفاتر میں کام کرنے والی خواتین نہیں بلکہ گھروں میں کام کرنے والی خواتین بھی ورکنگ ویمن کہلانے کی حقدار ہیں۔
خواتین بیک وقت کئی محاذوں پر کام کر رہی ہوتی ہیں، اور ان کی خدمات کو تسلیم کرنا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا ضروری ہے۔عورت کو ایک بلند مرتبہ انسان کی حیثیت سے دیکھا جانا چاہئے تاکہ معلوم ہو کہ اس کے حقوق کیا ہیں اور اس کی آزادی کیا ہے۔ میڈم مدیحہ منییر نے کہا کہ محکمہ ترقی خواتین کے دو اہم منصوبے، ورکنگ ویمن ہاسٹلز اور ڈے کیئر سینٹرز، خواتین کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ڈے کیئر منصوبے کے لیے ایک ارب روپے مختص کیے ہیں، جس کے تحت پنجاب بھر میں مزید 600 ڈے کیئر سینٹرز قائم کیے جائیں گے، جبکہ اب تک 500 سینٹرز پہلے ہی قائم کیے جا چکے ہیں خواتین کے حقوق اور پاسداری کے لیے عملی کاوشوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ تقریب میں خواتین کے حقوق اور نوکری پیشہ خواتین کے تحفظ کے قوانین بارے میں آگاہی دی گئی اس موقع پر رجسٹرار ڈاکٹر میمونہ خان، ڈاکٹر مدیحہ اکرم اور دیگر اساتذہ بھی موجود تھیں ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=569475