خواجہ صفدر میڈیکل کالج سیالکوٹ میں دماغ کو متاثر کرنے والے خطرناک امیبا Naegleria fowleri سے متعلق آگاہی سیمینار کا انعقاد

8

سیالکوٹ۔ 24 جون (اے پی پی):خواجہ صفدر میڈیکل کالج سیالکوٹ میں دماغ کو متاثر کرنے والے خطرناک امیبا Naegleria fowleri سے متعلق آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال کے سینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر شکیل احمد نے خصوصی خطاب کیا۔ ڈاکٹر شکیل احمد نے کہا کہ Naegleria fowleri ایک نہایت مہلک امیبا ہے جو ناک کے ذریعے دماغ میں داخل ہو کر دماغی خلیات کو تباہ کرتا ہے جس کے نتیجے میں ایک جان لیوا بیماری Primary Amoebic Meningoencephalitis پیدا ہوتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ امیبا عام طور پر گرم پانی کے ذخائر، ندی نالوں، تیراکی کے تالابوں اور غیر کلورین شدہ پانی میں پایا جاتا ہے۔

احتیاطی تدابیر کے طور پر صاف پانی کا استعمال، ناک میں پانی کے داخل ہونے سے بچاؤ اور تیراکی کے دوران ناک کو بند رکھنے کی تاکید کی گئی۔ڈاکٹر شکیل نے مزید کہا کہ اگرچہ یہ مرض بہت کم پایا جاتا ہے، لیکن اس سے ہلاکت کی شرح 95 فیصد سے زائد ہے۔ اس بیماری کی ابتدائی علامات میں سردرد، بخار، گردن اکڑاؤ، متلی اور ذہنی کیفیت کی خرابی شامل ہیں، جنہیں نظر انداز نہیں کرنا چاہیے ۔سیمینار میں طلبہ، اساتذہ اور طبی ماہرین نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور سوال و جواب کے سیشن کے دوران مختلف نکات پر تبادلہ خیال کیا۔ شرکاء نے اس اہم اور معلوماتی سیشن پر انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور اس مرض کے بارے میں طبی شعور عوامی سطح پر اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔