لاہور۔7جنوری (اے پی پی):سیکرٹری/ چیف ایڈ منسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہررضابخاری کی زیر صدارت خواجہ سید معین الدین چشتی اجمیری کے813 ویں سالانہ عرس کی مناسبت سے داتا دربارمیں آپ کے حجرہ اعتکاف کی رسمِ غسل کی روح پرور تقریب کا منگل کو انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں علما ومشائخ، سکالرز اور عمائدین سمیت ہزاروں زائرین اور عقیدت مندوں نے شرکت کی۔ خطیب داتا دربار مفتی محمدرمضان سیالوی نے ملک وملت کی سلامتی کیلئے خصوصی دعا کروائی۔
اس موقع پرسیکرٹری اوقاف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہخواجہ معین الدین چشتی اجمیرینے بلا تفریق رنگ و نسل، حسنِ اخلاق اور انسان دوستی کا درس دیا،انتہا پسندی اور تشدد پرستی کا خاتمہ صرف صوفی کی تعلیمات ہی کے ذریعے ممکن ہے۔ صوفیا کی خانقاہیں علم پروری، رواداری، محبت اور امن کے مراکز ہیں۔ خواجہ معین الدین چشتی اجمیری نے شرفِ انسانیت اور تکریم آدمیت کا درس دیا او ربرصغیر میں عظیم ترسماجی انقلاب کی بنیاد رکھی۔ آپ اخوت، مساوات،بھائی چارے اور انسان دوستی کے امین تھے۔انہوں نے کہا کہ سرزمین پاک وہند اور بالخصوص خطہ پنجاب کو روشنی اور تابندگی عطا کرنے والی ہستی حضرت داتا گنج بخش ہیں مگر اس آستا نے کے فیض کو برصغیر کے شرق وغرب اور جنوب وشمال میں روشناس کرا کے عقیدتوں اور محبتوں کے چراغ جس ہستی نے فروزاں کیے، وہ حضرت خواجہ معین الدین حسن چشتی ہیں۔
اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر مذہبی امور حافظ محمد جاوید شوکت، ایڈ منسٹریٹر اوقاف داتاشیخ محمدجمیل، منیجرز اوقاف طاہر مقصود،قاری محمد رفیق نقشبندی اورڈاکٹر الحاج سرور حسین نقشبندی سمیت دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی۔ دریں اثنا سیکرٹری اوقاف اور دیگر عمائدین نے مزار پر انوار حضرت داتاگنج بخش پر حاضری دی، چادر چڑھائی اور پھو ل پیش کیے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=543379