خواہش ہے کہ پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی میں واپس آئیں ، استعفوں کی تصدیق کے لئے قواعدو ضوابط کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں گے ،سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی پارلیمنٹ ہائوس میں صحافیوں سے گفتگو

126

اسلام آباد۔28دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف کو قومی اسمبلی میں واپس آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ میری خواہش ہے کہ پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی میں واپس آئیں کیونکہ اس فورم پر ملک کے تمام مسائل حل ہوسکتے ہیں ، (کل )جمعرات کو صبح ساڑھے 11 بجے پی ٹی آئی کے وفد کو ملاقات کا وقت دیا ہے ، استعفوں کی تصدیق کے لئے آئین قانون اور اسمبلی کےقواعدو ضوابط کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں گے ۔

بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ میں مجھے پی ٹی آئی کے سابق چیف وہپ ملک عامر ڈوگر کی فون کال موصول ہوئی جس میں انہوں نے میری واپسی کے بارے میں دریافت کیا اور کہا کہ آپ سےپی ٹی آئی کا ایک وفد ملاقات کرنا چاہتا ہے،میں نے انہیں جواب دیا کہ میں نے 28 دسمبر کو واپس آنا ہے،میری آج کی فلائٹ تھی خوش قسمتی سے 27 دسمبر کی فلائٹ مل گئی اور اسلام آباد پہنچ گیا، میں آج صبح 10 بجے آفس میں موجود تھا اور پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے رابطے کا منتظر تھا،پھر میں نے خود ملک عامر ڈوگر صاحب سے رابطہ کیا اور انہیں آج کی بجائے جمعرات کی صبح کے لئے ملاقات کا کہا اور انہیں صبح ساڑھے 11 بجے کا ٹائم دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے بھی استعفوں کی تصدیق کے لیے پی ٹی آئی کے ممبران قومی اسمبلی کو ذاتی حیثیت میں بلایا تھا،پی ٹی آئی کا کوئی ممبر ذاتی حیثیت میں استعفوں کی تصدیق کے لئے حاضر نہیں ہوا، استعفوں کی تصدیق سے متعلق آئین اور قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط واضح ہیں، پی ٹی آئی کے ممبران کے استعفے آئین، قانون اور قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے مطابق دیکھے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بطور سپیکر میں چاہوں بھی تو بھی کسی کا استعفیٰ منظور نہیں کر سکتا ،سپیکر قومی اسمبلی سب جماعتوں کا سپیکر ہوتا ہے،شاہ محمود قریشی صاحب اگر اسمبلی آئیں گے تو میں انہیں خوش آمدید کہوں گا ،خواہش ہے کہ پی ٹی آئی کے ممبران اسمبلی میں واپس آئیں کیونکہ پارلیمان 22 کروڑ عوام کی دانشگاہ ہے،ملکی مسائل اس پارلیمنٹ میں حل کئے جا سکتے ہیں،معاملہ ملک کا ہو تو ہمیں سیاست سے بالاتر ہو کر سوچنے کی ضرورت ہے، ملک اور قوم کی بقاء کے لئے ہمیں سیاست سے بالاتر ہو کر سوچنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ ہم سب لوگ مل کر ملک کی بقاء کے لئے کام کریں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں بطور کسٹوڈین آف دی ہاؤس کوئی بھی ایسا کام نہیں کروں گا جو آئین اور قانون کے منافی ہو،جیسے کراچی سے تعلق رکھنے والا ممبر قومی اسمبلی عدالت میں چلا گیا تھا اور انہوں نے عدالت میں بیان حلفی دیا کہ ہم نے استعفیٰ نہیں دیا۔