خیبرپختونخوااسمبلی اجلاس،معلومات تک رسائی قانون میں ترامیم منظورکرتے ہوئے رائٹ ٹوانفارمیشن ترمیمی بل پاس

86

پشاور۔ 23 اپریل (اے پی پی):خیبرپختونخوااسمبلی نے معلومات تک رسائی قانون میں ترامیم منظورکرتے ہوئے رائٹ ٹوانفارمیشن ترمیمی بل پاس کرلیا ۔بل کی منظوری کیلئے صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم نے تحریک پیش کی ۔اس موقع پر پی پی کے پارلیمانی لیڈر احمدکریم کنڈی نے ترامیم پیش کیں جس کے ساتھ حکومت نے اتفاق نہیں کیا جس پر محرک رکن نے اپنی ترامیم واپس لیں ،پاس کردہ آرٹی آئی ترمیمی بل کے مطابق سیکشن32اے کے تحت کوئی بھی شہری انفارمیشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف ہائیکورٹ سے رجوع کرسکتاہے

دیوانی عدالت کوانفارمیشن کمیشن کی طرف سے معاملات کی سماعت کااختیار نہیں ہوگا جبکہ سرکاری ادارے پبلک انفارمیشن آفیسر کو تمام سہولیات فراہم کرنے کے پابندہونگے ،بل کے مطابق معلومات تک رسائی کیلئے شہری سمیت اب کوئی بھی ادارہ حصول معلومات کیلئے درخواست دے سکتاہے ،اس میں کسی قسم کی کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہوگی ۔قبل ازیں صوبائی وزیر طفیل انجم نے خیبرپختونخواٹریڈٹیسٹنگ بورڈبل مجریہ2025 بھی ایوان میں متعارف کروادیا۔