خیبرپختونخواحکومت کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے، وزیرخزانہ شوکت ترین

82

اسلام آباد۔29مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات شوکت ترین نے خیبرپختونخوا میں سستا وسہولت بازاروں کے ذریعہ شہریوں کورعایتی قیمت پرضروری اشیا ء کی فراہمی کے حوالہ سے صوبائی وزیرخزانہ تیمورسلیم خان جھگڑا کی کاوشوں کوسراہاہے۔وزارت خزانہ کے مطابق وفاقی وزیرخزانہ سے منگل کویہاں خیبرپختونخوا کے وزیرخزانہ تیمورسلیم خان جھگڑا نے ملاقات کی۔

صوبائی وزیرنے وفاقی وزیرکوصوبہ کی مالیاتی کارگردگی اورجاری منصوبوں پربریفنگ دی۔ملاقات میں افراط زر کے دباؤ اور سستا بازاروں کے ذریعہ شہریوں کومہنگائی کے دباؤ سے ریلیف دینے کے اقدامات کابھی جائزہ لیاگیا۔صوبائی وزیرخزانہ نے وفاقی وزیرکو صوبہ کے بعض مسائل سے بھی آگاہ کیا۔وزیرخزانہ نے صوبائی وزیرکی کارگردگی کوسراہا اورانہیں وفاقی حکومت کی جانب سے مکمل مدد اورحمایت کا یقین دلایا۔