خیبرپختونخوا حکومت ایک لاکھ نوجوانوں کو آئی ٹی کے شعبے میں تربیت دے رہی ہے،پی ڈی ایم ایک موسمی بیماری کی طرح ہے، وفاقی وزیر اسد عمر کا ڈیجیٹل یوتھ سمٹ سے خطاب

64

پشاور۔14نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات اسد عمر نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت100,000نوجوانوں کو آئی ٹی کے شعبے میں تربیت دے رہی ہے جو ملک میں آئی ٹی کی صنعت کو فروغ دینے میں مزید مدد دے گی۔ ان خیالات کا ظہار انہوں نے دو روزہ ڈیجیٹل یوتھ سمٹ کے اختتامی تقریب کے موقع پر صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ حکومت کی جانب سے متعارف کرائی گئی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کی وجہ سے گزشتہ دو سالوں میں آئی ٹی کے شعبے میں برآمدات میں تین گنا اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ انفرادی یوتھ کمیونٹی میں پاکستان دنیا کی 5ویں بڑی کمیونٹی ہے جو آئی ٹی کے شعبے میں پاکستان کی ترقی کا واضح اشارہ ہے۔انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد ملک میں مزید مستحکم ہوا ہے اور آئی ٹی کے شعبے میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری پاکستان میں آرہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ2018میں2.3ملین ملازمتوں میں اضافہ ہوا، پاکستان میں زراعت میں ترقی کے بہت مواقع ہیں اور حکومت نے بھرپور توجہ دی ہے یہی وجہ ہے کہ گندم، چاول، گنے کی فصلیں ریکارڈ سطح پر آگئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ زراعت، آئی ٹی اور سیاحت کے شعبے میں ترقی کے مواقع موجود ہیں جبکہ حکومت نے ان شعبوں پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دیہی علاقوں میں زرعی شعبے کی ترقی کیلئے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے جبکہ کسان اس طرح کی پیشرفت سے مستفید ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں میں تعمیراتی شعبے میں مواقع موجود ہیں اور یہی وجہ ہے کہ تعمیراتی شعبے اور صنعتوں سے متعلق تمام شعبوں میں نئی تیزی اور جدت دیکھی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ تعمیراتی صنعت نے وزیر اعظم کی دلچسپی کی وجہ سے تیزی سے ترقی کی ہے جو خود تعمیراتی صنعتوں کو دیکھ رہے ہیں اور ان کی نگرانی کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ زرمبادلہ کے ذخائر ہیں، یعنی ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے،

کورونا کا خطرہ اب بھی موجود ہے اورعوام اس خطرے سے بچنے کیلئے حفاظتی ٹیکے لگوائیں،عوام کو ویکسین نہ لگائی گئی تو کورونا کے دوبارہ آنے کا خطرہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ایک موسمی بیماری کی طرح ہے، سردی ختم ہوتے ہی ختم ہو جائے گی۔ اسد عمر نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کنیکٹیویٹی اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی تربیت پر کام کر رہی ہے، اگلے ڈیڑھ سال میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں100,000سے زائد افراد کو تربیت دینے پر8ارب روپے لاگت آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے آئی ٹی سیکٹر میں قومی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کیلئے بہت سے مواقع موجود ہیں جو کہ بہت حوصلہ افزا ہے یقینی طور پر آئی ٹی کے شعبے کی ترقی سے صوبے کی ڈیجیٹل معیشت کو فروغ ملے گا اور ڈیجیٹل یوتھ سمٹ جیسے ایونٹس ڈیجیٹل دنیا میں نئے آئیڈیاز کیلئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے نوجوانوں میں آئی ٹی کے شعبے میں بڑھنے کا ہنر ہے اور گریجویٹ اور انڈرگریجویٹ نوجوانوں کو ڈیجیٹل مہارت کی تربیت فراہم کرنے سے وہ روزگار تلاش کر سکیں گے۔ تقریب میں قومی اور بین الاقوامی اسٹیک ہولڈرز اور آئی ٹی کے شعبے میں مہارت رکھنے والے طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر اسد عمر اور شبلی فراز نے ڈیجیٹل یوتھ سمٹ میں مختلف شعبوں کا دورہ بھی کیا اور نوجوانوں سے ملاقات کی۔