خیبرپختونخوا میں سیاحتی شعبے میں ملکی اور بین الاقوامی فرمز کیلئے سرمایہ کاری کےامکانات موجود ہیں،محکمہ سیاحت

89

پشاور۔ 24 جون (اے پی پی):خیبرپختونخوا میں سیاحتی شعبے میں ملکی اور بین الاقوامی فرمز کیلئے سرمایہ کاری کے واضح امکانات موجود ہیں جبکہ 2025 تک صوبے میں 10 ملین افراد کو سیر وسیاحت کی غرض سے صوبے میں لانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا کے مطابق صوبے کے کئی مقامات کو انٹیگریٹڈ ٹورزم زونز کے طور پر ترقی دینے کے منصوبے بنائے گئے ہیں جبکہ صوبے کے 7 اضلاع میں 16 نئے سیاحتی مقامات کی نشاہدہی بھی کی گئی ہے جن کو مناسب سرمایہ کاری کے ذریعے پر آسائش اور سیاحوں کے لئے پرکشش بنایا جا سکتا ہے۔

محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا کے مطابق یہاں پر سیاحتی شعبے کو معاشی ترقی کیلئے ایک اہم ذریعہ بنانے کے زیادہ امکانات موجود ہیں مگر اس کی صحیح مارکیٹنگ کی ضرورت ہے،ہمارے صوبے کو اللہ تعالیٰ نے قدرتی حسن اور دلکش نظاروں پر مشتمل بیش بہا سیاحتی مقامات سے نوازا ہے تاہم ان وادیوں اور مقامات کو سیر وسیاحت کی غرض سے امدورفت اور دیگر سہولیات کے سلسلے میں پرکشش اور آسان بنانے کی ضرورت ہے۔