خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں پیر کے روز سے بارشوں کا ایک اور نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے، پی ڈی ایم اے

149
PDMA

پشاور۔ 24 اگست (اے پی پی):پرونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا نے کہا ہے کہ صوبے کے بیشتر اضلاع میں پیر کے روز سے مون سون بارشوں کا ایک اور نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری موسمی انتباہ کے مطابق 25 اگست (رات) سے طاقتور مون سون ہوائیں صوبے کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی جس کے باعث دیر، چترال، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، باجوڑ، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، کوہاٹ، باجوڑ، مہمند، خیبر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور،نوشہرہ، مردان، چارسدہ، ہنگو، کرم، جنوبی و شمالی وزیرستان، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

بارشوں کا یہ نیا سلسلہ بدھ 28 اگست تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا جبکہ 26 سے 28 اگست کے دوران تیز بارشوں کے باعث صوبہ کے بالائی اضلاع می لینڈ سلائیڈنگ جبکہ وسطی/ میدانی علاقوں میں طغیانی/فلش فلڈ/اربن فلڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام ضلعی انتظامیہ کو موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کرنے اور ضلعی انتظامیہ کو آندھی/جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے باعث کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے پیشگی نمٹنے کے لیے ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے، عوام کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی اطلاع 1700 پر دیں۔