اسلام آباد۔24فروری (اے پی پی):خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے ہلال احمر پاکستان کے نیشنل ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا اور چیئرپرسن فرزانہ نائیک سے ملاقات کی۔پیر کو یہاں جاری بیان کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر احمد کریم کنڈی بھی ان کے ہمراہ تھے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے فرزانہ نائیک کو مرکزی ہیڈ کوارٹر میں چیئرپرسن کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی ۔ ملاقات میں تنظیم کی موجودہ کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور خیبرپختونخوا میں ہلال احمر کی خدمات کو مزید موثر بنانے کے لیے تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہنگامی حالات اور قدرتی آفات کے دوران ہلال احمر کی بروقت اور موثر خدمات عوام کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہیں،خیبر پختونخوا میں حالیہ دنوں متاثرین کرم کو فوری امداد کی فراہمی میں ہلال احمر کا کردار لائق ستائش رہا ہے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ریاستی سطح پر ہنگامی خدمات کے نظام کو مزید مضبوط کرنے کے لیے ہلال احمر کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے نئے اقدامات کیے جائیں۔ چیئرپرسن نے ہلال احمر پاکستان کی موجودہ پالیسیوں اور منصوبہ بندی کا جائزہ پیش کیا اور بتایا کہ تنظیم نے حالیہ سالوں میں مختلف ہنگامی مواقع پر عوام کی مدد کے لیے بھرپور کوششیں کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے ضلعی دفاتر کے ساتھ رابطہ مضبوط کرنے اور مزید تربیتی ورکشاپس کے انعقاد سے خدمات میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔گورنر خیبرپختونخوا نے ادارہ کے مختلف حصوں کا بھی دورہ کیا اور اس توقع کا اظہار کیا کہ نئی چیئرپرسن فرزانہ نائیک کی صلاحیتوں سے ادارہ اور اس سے وابستہ افراد مستفید ہوں گے اور کارکردگی میں مثالی تبدیلی دیکھنے کو ملے گی۔ اس موقع پر چیئرپرسن ہلال احمر پاکستان نے گورنر خیبرپختونخوا کو یادگاری شیلڈ پیش کی جبکہ گورنر نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=565457