خیبر پختونخوا میں بجلی کی ترسیل کو یقینی بنایا جائے،وفاقی وزیربرائے توانائی انجینئر خرم د ستگیر خان

60

پشاور۔11مئی (اے پی پی):وفاقی وزیربرائے توانائی انجینئر خرم د ستگیر خان نے پیسکو ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔ چیف ایگزیکٹیومحمد جبار خان اور پیسکوکے دیگراعلی افسران نے ان کا پرجوش استقبال کیا ۔ملاقات کے دوران چیف ایگزیکٹیو پیسکومحمد جبار خان نے پیسکوکے انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی اور انہیں ریکوری ٬لائن لاسسز اور کنڈا کلچر کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔

بعد ازاںوفاقی وزیرتوانائی نے پیسکوحکام کو اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی اور موقع پر احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ گرڈ اسٹیشنز اور فیڈرز پر کام میں مزید تیزی لائی جائے اور جلد از جلد کام مکمل کر کے عوام کو فوری ریلیف فراہم کی جائے اور مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں بجلی کی ترسیل کو یقینی بنایا جائے۔ چیف ایگزیکٹیو پیسکونے وفاقی وزیر توانائی کو پیسکوکی کارکردگی کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے صوبے بھر میں بجلی چوری کے خاتمے کے لئے مہم شروع کر دی ہے جس کے تحت بجلی کے ناجائزکنکشنز اور کنڈوں کو ہٹایا جارہاہے اور بجلی نادہندگان سے ریکوری کی جارہی ہے ۔کنڈوں کے ہٹانے اور ریکوری میں وفاقی اور صوبائی حکومت سے تعاون کی اپیل کی تاکہ بجلی چوری پر قابو پایا جاسکے جس کے پاس میٹر نہیں ہے اس کو میٹر لگانے کا پابندبنایا جارہاہے تاکہ پیسکوکے خسارے میں کمی کے ساتھ ساتھ صارفین کو لوڈشیڈنگ سے نجات بھی ملے۔

وفاقی وزیر برائے توانائی انجینئر خرم د ستگیر خان نے چیف ایگزیکٹیو پیسکوکے مثبت طرز عمل کو سراہا اور اپنی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ بجلی چوری کی روک تھام ٬ کنڈا کلچر کے خاتمے اور بروقت ریکوری کے اقدامات کو مزید بہتراورموثر بنایاجائے۔