29.9 C
Islamabad
جمعہ, مئی 23, 2025
ہومقومی خبریںدانش یونیورسٹی میں طلبہ کو اپلائیڈ سائنسز، جدت اور ٹیکنالوجی میں مستقبل...

دانش یونیورسٹی میں طلبہ کو اپلائیڈ سائنسز، جدت اور ٹیکنالوجی میں مستقبل کی تیاری کے ساتھ تعلیم دی جائے گی، احسن اقبال

- Advertisement -

اسلام آباد۔22مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ دانش یونیورسٹی میں طلبہ کو اپلائیڈ سائنسز، جدت اور ٹیکنالوجی میں مستقبل کی تیاری کے ساتھ تعلیم دی جائے گی، ہمیں اپنی جامعات کو قومی مسابقت کی علامت بنانا اور انہیں عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا ۔ اجلاس میں حکومت پاکستان کے قومی ترقیاتی وژن "اُڑان پاکستان” کے تحت اعلیٰ تعلیمی اصلاحات کے تسلسل میں دانش یونیورسٹی آف اپلائیڈ اینڈ ایمرجنگ سائنسز کے قیام کے حوالہ سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور مختلف فیصلے کئے گئے ۔اجلاس میں سیکرٹری تعلیم، چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ، چیئرمین کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی ، ممبر سائنس و ٹیکنالوجی، ممبر انفراسٹرکچر، اور وزارت تعلیم و منصوبہ بندی کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

یہ تاریخی منصوبہ "اُڑان پاکستان”کے تعلیم اور اعلیٰ کارکردگی کے ستونوں سے ہم آہنگ ہے جس کا مقصد پاکستان میں عالمی معیار کی انسانی وسائل کی تیاری ہے۔ اجلاس میں سیکرٹری تعلیم نے دانش ایجوکیشن ٹرسٹ، یونیورسٹی کے چارٹر اور قانونی ڈھانچے پر بریفنگ دی۔ یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ترکیہ، چین، جنوبی کوریا اور سوئٹزرلینڈ میں بین الاقوامی روڈ شوز منعقد کئے جائیں گے تاکہ عالمی شہرت یافتہ ڈیزائن اور سپروژن کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کی جا سکیں۔ یہ اقدام جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر کے ساتھ مشترکہ طور پر کیا جائے گا۔

- Advertisement -

احسن اقبال نے کہا کہ وزارت منصوبہ بندی نے پہلے وژن 2025 کے تحت پانچ بنیادی ستونوں پر مبنی کئی انقلابی اقدامات کا آغاز کیا تھا اور اب اڑان پاکستان کی قیادت کی ذمہ داری بھی اسی وزارت کے سپرد کی گئی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے نوجوانوں کو مستقبل کے تقاضوں اور جدید ٹیکنالوجی کے مطابق مہارتوں سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ دانش یونیورسٹی ایک نئی شروعات کی علامت ہو گی جہاں طلبہ کو اپلائیڈ سائنسز، جدت اور ٹیکنالوجی میں مستقبل کی تیاری کے ساتھ تعلیم دی جائے گی، ہمیں اپنی جامعات کو قومی مسابقت کی علامت بنانا ہے اور انہیں عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنا ہوگا۔انہوں نے دنیا کے کامیاب تعلیمی ماڈلز سے سبق لینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے فوری طور پر اعلیٰ تعلیمی قیادت اور بین الاقوامی فیکلٹی کی بھرتی کا آغاز کرنے کی ہدایت کی تاکہ نصاب و تحقیق میں عالمی بہترین روایات اپنائی جا سکیں۔

وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ ڈگری پروگرامز اور کورس نصاب صنعت اور تعلیمی اداروں کی مشاورت سے تیار کئے جائیں تاکہ موجودہ مہارتوں کے خلا کو پُر کیا جا سکے۔ یہ قدم "اُڑان پاکستان” کی برآمدات اور بااختیاری کی حکمت عملی کی حمایت کرے گا۔انہوں نے واضح کیاکہ دانش یونیورسٹی کو لمز اور دیگر عالمی معیار کی جامعات کے شانہ بشانہ ہونا چاہئے،یہ ایک ایسا مرکز بنے جو اپلائیڈ لرننگ، تحقیق و ترقی، اور صنعت و جامعہ کے درمیان تعاون کو فروغ دے۔انفراسٹرکچر کے حوالے سے وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے سی ڈی اے اور دیگر منصوبہ بندی حکام کو ہدایت کی کہ سادگی، پائیداری اور کم لاگت کے اصولوں پر مبنی ڈیزائن اپنایا جائے تاکہ یہ منصوبہ ماحولیاتی تحفظ کے ستون سے بھی ہم آہنگ ہو۔

احسن اقبال نے کہا کہ دانش یونیورسٹی آف اپلائیڈ اینڈ ایمرجنگ سائنسز تعلیم و جدت کا ایک فلیگ شپ ادارہ ثابت ہو گی جو پاکستان کو 2047 تک 3 ٹریلین ڈالر کی معیشت بنانے کے سفر میں اہم کردار ادا کرے گی۔ یہ یونیورسٹی اُڑان پاکستان کے اس جذبے کی عکاس ہوگی جس کا مقصد نوجوانوں کو صرف زندہ رہنے کے قابل نہیں بلکہ دنیا کی قیادت کے لئے تیار کرنا ہے۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600103

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں